راولپنڈی(جنگ نیوز) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے سی ای او عامر رشید کی خصوصی ہدایات پر 20 اکتوبر سے 5 نومبر تک جاری رہنے والی صفائی و آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ مہم کے تحت کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام 10 وارڈز میں صفائی ستھرائی، نالوں کی صفائی، کوڑا کرکٹ اٹھانے اور شہریوں میں صفائی کا شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر میں آگاہی واک بھی منعقد کی گئی، جس میں ایڈیشنل سی ای او طیبہ نصیر نے شرکت کی۔مہم کا مقصد شہریوں کو گھروں، گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کے لیے عوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس ضمن میں سوشل میڈیا، آگاہی پمفلٹس، بینرز اور مال روڈ پر ڈیجیٹل اسکرینوں کے ذریعے صفائی سے متعلق پیغامات نشر کیے جا رہے ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں، تاجروں اور مختلف تنظیموں کو بھی مہم میں شامل کیا جا رہا ہے۔مہم کے پہلے مرحلے میں 20 اور 21 اکتوبر کو وارڈ نمبر 1 کے علاقوں حبیب کالونی، رحیم ٹاؤن، آلٰہ آباد، زاہد بیگ روڈ، حافظ آباد اور سلطان آباد میں صفائی آپریشن جاری ہے۔ شہری صفائی سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے 9274422 -051پر رابطہ کر سکتے ہیں۔