مالدیپ کے صدر کے دورہ پاکستان پر مودی سرکار کا گودی میڈیا تلملا اٹھا، ’’انڈیا آوٹ، پاکستان اِن‘‘ کی سرخیاں لگا دیں۔
پاکستان میں مالدیپ کے صدر کا پرتپاک استقبال بھارتی میڈیا کو ایک آنکھ نہ بھایا، مالدیپ صدر کے اردو میں پیغام نے بھارتی میڈیا کو پتنگے لگا دیے، پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دفاعی اور فوجی تعاون کا معاہدہ بھی بھارتی میڈیا کے گلے کی ہڈی بن گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کو بحر ہند میں بھارتی حاکمیت کا سپنا خطرے میں نظر آنے لگا، مالدیپ کے صدر کی علاقائی تنظیم سارک کی بحالی کی حمایت نے بھارتی میڈیا کو انگاروں پر لٹا دیا۔
بھارتی میڈیا نے سرخی لگائی کہ مالدیپ کے صدر کے اسلام آباد کی جانب بڑھتے قدم نئی دلی کے لیے تشویش کی وجہ بن گئے، 11 سال میں مالدیپ کے کسی صدر کا دورہ پاکستان بھارتی میڈیا کو ہضم نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ پاکستا ن اور مالدیپ نے دو سال میں تجارتی حجم 20 کروڑ ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا، تجارت، دفاع ، تعلیم ، اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی بیس مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے، وزیراعظم ہاؤس آمد پر مالدیپ کے صدر کا پُرتپاک استقبال کیا گیا، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
مالدیپ کے صدر کو سیاست اور بین الاقوامی تعلقات میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملک مل کر تجارتی حجم میں اضافے کی کوششیں کریں گے، مالدیپ کو آئی ٹی کے شعبے میں تکنیکی مدد دیں گے، مالدیپ کی مزید ضرورتیں بھی پوری کریں گے۔
وزیراعظم نے بھارت کو بھی واضح پیغام میں کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کا بھارتی فیصلہ ناقابل قبول ہے، اشتعال انگیزی کرنے والے تمام عناصر کو معلوم ہونا چاہیے، پانی پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہے، پاکستان کا پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔