• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد پولیس کیلئے نئی پالیسی 2026ء جاری، ہفتہ وار آرام لازمی قرار

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی ڈیوٹی سے متعلق نئی پالیسی 2026ء جاری کر دی گئی جس کے تحت پولیس فورس کے لیے ہفتہ وار آرام لازمی قرار دیا گیا ہے۔

پالیسی کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کو تمام عہدوں کے افسران اور اہلکاروں کی اتفاقیہ رخصت منظور کرنے کا اختیار ہو گا جبکہ ایس پی اور ڈی ایس پی کے عہدے تک کے افسران کی رخصتِ کلاں (طویل چھٹیاں) بھی آئی جی منظور کر سکیں گے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کو کانسٹیبل سے انسپکٹر تک تمام رخصتوں کی منظوری کا اختیار دیا گیا ہے۔

پالیسی کے تحت ایس ایچ او کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل تک 3 دن کی اتفاقیہ رخصت منظور کر سکے گا جبکہ ڈی ایس پی کو 5 دن تک رخصت منظور کرنے کا اختیار ہو گا۔

ایس پی کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک کی اتفاقیہ رخصت منظور کر سکے گا جبکہ ایس ایس پی ایس ایچ او اور انسپکٹر کے عہدے تک کے افسران کو 3 دن کی اتفاقیہ رخصت دے سکے گا۔

پالیسی میں حج کے لیے 45 دن اور عمرہ و زیارات کے لیے 21 دن کی رخصت مقرر کی گئی ہے، طبی ضروریات کے تحت پولیس اہلکاروں کو طبی رخصت بھی دی جائے گی۔

نئی پالیسی کے مطابق ہفتہ وار آرام کو باقاعدہ رخصت سے الگ رکھا جائے گا، مرکزی اور صوبائی مقابلے کے امتحانات میں شرکت کے لیے 20 دن جبکہ انٹرویو کے لیے 15 دن تک رخصت مل سکے گی۔

شادی کے موقع پر خواتین پولیس افسران کو 1 ماہ جبکہ مرد اہلکاروں کو 10 دن کی رخصت دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید