گزشتہ دنوں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے چیمبر میں کراچی کے نظرانداز ترقیاتی منصوبوں پر ایک اہم میٹنگ کی جس میں کراچی کی تمام ٹریڈ، ٹاؤن ایسوسی ایشنز کے نومنتخب عہدیداران، کراچی چیمبر کے صدر طلعت محمود، بزنس مین گروپ (BMG) کے پیٹرن انچیف زبیر موتی والا، آباد کے چیئرمین حنیف گوہر، KATI کے چیئرمین عمر ریحان ،زبیر چایا اور کراچی کے اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ کراچی کے ایم این اے کی حیثیت سے مجھے بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا۔ میں نے میٹنگ میں بتایا کہ 3کروڑ آبادی کا بڑا شہر کراچی، پاکستان کا معاشی، صنعتی اور فنانشل حب اور شہ رگ ہے جسکا ملکی جی ڈی پی میں 25فیصد، ٹیکس ریونیو وصولی میں 55فیصد، کسٹم ڈیوٹی میں 70فیصد اور مینوفیکچرنگ میں 30فیصد حصہ ہے۔
ملک کی تقریباً 95فیصد امپورٹ ایکسپورٹ کراچی کی بندر گاہوں سے ہوتی ہے، تمام بینکوں، ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مراکز اور PSX کراچی میں ہیں۔ یہ غریب پرور شہر پورے ملک کے لوگوں کو روزگار فراہم کرتا ہے جو پھر یہیں آباد ہوجاتے ہیں جسکے باعث کراچی کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لیکن بدقسمتی سے شہر کا انفراسٹرکچر آبادی کے تناسب سے ڈویلپ نہیں کیا جاسکا۔ شہر میں پانی، سیوریج، ٹرانسپورٹ، امن و امان کی صورتحال اور سڑکیں انتہائی خراب حالت میں ہیں جو لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہیں۔ کراچی کے شہری پینے کے پانی، موثر سیوریج نظام، جدید پبلک ٹرانسپورٹ اور محفوظ شہری ماحول چاہتے ہیں۔
کراچی کیلئے وفاقی حکومت کے پانی، ٹرانسپورٹ، روڈ نیٹ ورک اور انفر اسٹرکچر منصوبوں میں پینے کے پانی کا منصوبہ K-4 سرفہرست ہے۔ کراچی میں پانی کی طلب 1200ملین گیلن یومیہ ہے لیکن کراچی کو صرف 650 ملین گیلن یومیہ پانی سپلائی کیا جارہا ہے، اس لحاظ سے کراچی کو 550 ملین گیلن یومیہ پانی کی کمی کا سامنا ہے جسے K-4منصوبے سے پورا کیا جائیگا اور پہلے مرحلے میں کینجھر جھیل سے کراچی کو 260 ملین گیلن جبکہ دوسرے مرحلے میں 650 ملین گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جائیگا۔ پانی کی قلت کی وجہ سے شہری ٹینکر مافیا سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں جو یومیہ اربوں روپے کا بزنس ہے۔ K-4 منصوبہ 2011ء میں منظور کیا گیا تھا جو 2029ء میں مکمل ہوگا۔ پہلے یہ منصوبہ سندھ حکومت کا تھا جسے اب وفاقی حکومت واپڈا کے ذریعے مکمل کرائے گی۔
گزشتہ 16 سال میں K-4 منصوبے میں تکنیکی خامیوں، ڈیزائن کی تبدیلیوں، مالی مشکلات، بدانتظامی، کرپشن اور غلط منصوبہ بندی کے باعث منصوبے کی لاگت 16ارب روپے سے بڑھ کر 172ارب روپے (989 فیصد اضافہ) تک پہنچ گئی ہے جبکہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال K-4 منصوبے کیلئے 78ارب روپے کے بجائے صرف 10ارب روپے مختص کئے ہیں۔ کراچی میں میرے حلقے NA-241میں 14 ارب روپے لاگت سے پینے کے صاف پانی کے ایک منصوبے ڈملوٹی سے ڈی ایچ اے کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے جس سے ڈی ایچ اے اور کلفٹن کے رہائشیوں کو 10 ملین گیلن یومیہ اضافی پانی فراہم کیا جائیگا۔ یہ منصوبہ FWO ایک سال (اکتوبر 2027) میں مکمل کرے گی جس کیلئے سندھ حکومت نے مطلوبہ فنڈز کراچی واٹر کارپوریشن کو فراہم کردیئے ہیں۔
اس کے علاوہ 1726 کلومیٹر طویل کراچی پشاور ML-1 ریلوے ٹریک منصوبہ جسکی لاگت 6.6 ارب ڈالر ہے، 5 مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ کراچی، حیدرآباد سکھر موٹر وے M-6 منصوبے اور کراچی حیدرآباد 136 کلومیٹر طویل 6 لائن موٹر وے M-9 منصوبے کی پلاننگ کی جارہی ہے جسکی لاگت 44 ارب روپے ہے۔
حال ہی میں سندھ حکومت نے صنعتی علاقوں میں سڑکوں کی مرمت کیلئے SITE کو 2 ارب روپے اور KATI کو 2 ارب روپے فراہم کئے ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے SITE میں 36 کلومیٹر سڑکیں بنانے کیلئے 2 سال میں 4.4 ارب روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی کا ایک اہم پروجیکٹ کے پی ٹی (ICI) چوک سے کراچی بندرگاہ تک 25 کلومیٹر طویل لیاری ایلی ویٹڈ فریٹ کوریڈور (LEFC) ہے جس کا مقصد کراچی پورٹ کو نادرن بائی پاس اور M-9 موٹر وے سے منسلک کرنا ہے تاکہ بھاری کنٹینرز کو شہر کی مصروف شاہراؤں کے بجائے متبادل راستہ فراہم کیا جائے۔
اس پروجیکٹ کیلئے NHA کا تخمینہ 88.6 ارب روپے ہے جبکہ کورین ایگزم بینک کا تخمینہ 164 ارب روپے ہے۔ گزشتہ دنوں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ساتھ سائٹ میں کراچی کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (TP-1) منصوبے کا افتتاح کیا جسکے پہلے مرحلے میں 35 ملین گیلن یومیہ گندے پانی کو صاف کیا جائے گا جسے بعد میں بڑھاکر 100ملین گیلن پانی یومیہ کردیا جائے گا اور یہ پانی سائٹ کے صنعتی صارفین استعمال کرسکیں گے۔ 21ستمبر کو میری زیر صدارت قائمہ کمیٹی اقتصادی امور کے اجلاس میں کراچی کے ان تمام منصوبوں پر تفصیلی بحث ہوئی۔ کراچی کو مزید انتظار نہیں بلکہ فوری عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ کامیابی کا پیمانہ ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات سے نہیں بلکہ ان منصوبوں کی تکمیل سے ہے جو کراچی کے شہریوں کا بنیادی حق ہے۔