’’20ویں ایشین گیمز‘‘جاپان کے شہر، ’’ناگویا‘‘ میں چین کی واضح برتری کے ساتھ اختتام پزیر ہو گئے۔ تاہم، یہ ایونٹ پاکستان کی مایوس کُن کارکردگی پر کئی سنگین سوالیہ نشان بھی چھوڑ گیا۔ قومی سطح پر شدید اُداسی اور مایوسی کے باوجود حکومتی ایوانوں میں مکمل خاموشی ہے اور ذمّے داروں سے باز پُرس کے لیے منتخب نمائندوں پر مشتمل قائمہ کمیٹیز بھی تاحال چُپ کا روزہ رکھے ہوئے ہیں۔
درحقیقت، پاکستان میں کھیلوں کا شعبہ مسلسل تنزلی کا شکار ہوکر تقریباً ناکارہ ہوچُکا ہے۔ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن (POA)، پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) اور کھیلوں کی مختلف فیڈریشنز کا 'ٹرائیکا مثبت نتائج دینے میں مکمل طور پر ناکامی کے بعد، عالمی اور ایشیائی مقابلوں میں پاکستان کی شرکت محض ایک رسمی اور کاغذی کارروائی بن کر رہ گئی ہے، جہاں کھلاڑی ابتدائی راؤنڈز ہی میں شکست کھا کر وطن واپس لوٹ جاتے ہیں۔
اس بدترین زوال کی بنیادی وجہ مُلک کے دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں کے انتظامی ڈھانچے میں احتساب کے عمل کا ناپید ہونا ہے۔ اس کے برعکس، دنیا کے دیگر ممالک ایک ایونٹ کے اختتام کے ساتھ ہی اگلے مقابلوں کی تیاریوں کا آغاز کر دیتے ہیں۔
اُن کے یہاں انڈر 16سے انڈر 25 تک کھلاڑیوں کا ایک مستقل اور منظّم پول موجود ہوتا ہے، جس کی بنیاد پر وہ ایشیائی، اولمپکس اور یورپین گیمز کے لیے ٹیمز کا انتخاب کرتے ہیں۔ ناگویا کے میدانوں میں تالیوں کی گونج، وکٹری اسٹینڈز پر لہراتے مختلف ممالک کے پرچم اور جیت وفتح کے یہ لمحات جہاں دنیا کے لیے خوشیاں لائے، وہیں پاکستان میں کھیلوں کے مستقبل سے متعلق کئی سوالات اور چیلنجز بھی چھوڑ گئے۔
کھیلوں کے عالمی مقابلوں کے تمغات، محض جیت کی علامت نہیں، عزم وحوصلے اور مسلسل جدوجہد کی داستان ہوتےہیں۔ ایک طلائی تمغا تاریخ رقم کرتا ہے، تو چاندی کا تمغا کام یابی کی سند بنتا ہے اور کانسی کا تمغا آخری لمحے تک لڑنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ جب کہ حالیہ کھیلوں کے اس عظیم میلے میں پاکستانی دستے کی مجموعی کارکردگی اس قدر مایوس کُن رہی کہ گزشتہ12برس سے سونے کا تمغا جیتنے کا خواب اس بار بھی اُدھوراہی رہا۔
حقیقت تو یہ ہے کہ ملک میں شعبۂ کھیل اب محض ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے، جہاں مبیّنہ طور پر بھاری رقوم کے عوض ٹیمز میں شمولیت کی نئی اور منفی روایت نے جنم لے لیا ہے۔ ایشین گیمز میں میرٹ کی کُھلی پامالی نے باصلاحیت اور نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کا گلا گھونٹ کر رکھ دیا۔ مُلک میں بے پناہ ٹیلنٹ کے باوجود، اقربا پروری کی انتہا دیکھی گئی۔
ٹیبل ٹینس کی 55سالہ خاتون کھلاڑی، نوشین اسلم کو شامل کر کے ایونٹ کے عُمر رسیدہ ترین کھلاڑی کا انوکھا اعزاز تو حاصل کر لیا گیا، لیکن کارکردگی صفر رہی۔ اسی طرح، ٹینس فیڈریشن کے46سالہ صدر اعصام الحق خود ہی ٹیم کا حصّہ بن کر ڈبلز ایونٹ کھیل گئے۔ پاکستانی دستے میں شامل متعدداوور ایج کھلاڑی، جنہیں بطور کوچ نوجوانوں کی رہنمائی کرنی چاہیے تھی، خود میدان میں اُترے ہوئے تھے۔
دستے کی اس بوڑھی فارمیشن کو دیکھ کر یہ تاثر بھی ابھرا کہ پاکستان غالباً ایشین گیمز کے جائے ،ویٹرنز گیمز (Veterans Games) میں شریک ہے۔واضح رہے، اگر کھیلوں کے ڈھانچے کو میرٹ پر استوار نہ کیا گیا، تو یہ تصویر مزید دھندلی ہوتی چلی جائے گی۔ اس صورتِ حال میں سوال یہ پیدا ہوتا ہےکہ آخر کون ٹیمز کے انتخاب، فنڈز کے استعمال، کوچز کی تقرری اور کھلاڑیوں کی کارکردگی پر جواب دہی یقینی بنائے گا؟
ایشین گیمز کے دوران ناگویا کے اسٹیڈیمز اور جمنازیمز سے پاکستانی شائقینِ کھیل کے لیے ابتدائی مرحلے ہی سے شکست کی مایوس کُن خبریں آنا شروع ہوگئیں۔ ان مقابلوں کی کوریج کے لیے جاپان میں موجود پاکستان کے سینئر صحافیوں نے قومی کھلاڑیوں کی پے در پے ناکامیوں اور کھیلوں کے زوال پر شدید تشویش اور تفکّرات کا اظہار کیا۔
کھیل کے میدان میں پاکستان کی اس ناکامی پر پاکستانی میڈیا کے لیے سب سے تکلیف دہ صورتِ حال اُس وقت پیدا ہوئی، جب بھارتی میڈیا نے طنزیہ اور چُبھتے ہوئے سوالات اٹھائے۔ بھارتی صحافیوں کی جانب سے پاکستان میں کھیلوں کی تباہی کا مذاق اُڑاتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان میں کھیلوں کے زوال کی اصل وجہ سیاسی مداخلت، گراس روٹ سطح پر ڈھانچے کا خاتمہ اور فیڈریشنز میں شدید انتظامی عدم استحکام ہے۔
تاہم، ان مایوس کُن حالات میں بھی مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) کے کھلاڑی، عاصم خان نے پاکستان کے لیے کانسی کا تمغا جیت کر مُلک کی کچھ عزت رکھ لی۔ یاد رہے، عاصم خان کی کام یابی اور اس کھیل کے فروغ میں فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی اور دیگر ذمّے داران نے کلیدی کردار ادا کیا۔ کرکٹ کا فائنل اور ہاکی کا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے جاپان کے مختلف شہروں سمیت آسٹریلیا، امریکا، نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا سے بھی بڑی تعداد میں پاکستانی شائقین قومی پرچم اور کھلاڑیوں کی تصاویر تھامے ناگویا پہنچے تھے۔
تاہم، ٹیمز کی مسلسل ناکامی نے شائقین کو شدید مایوس کیا۔ اوورسیز پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ مُلک میں کھیلوں کا کوئی پرسانِ حال نہیں، ٹیمز میں کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کے بجائے ذاتی پسند، ناپسند اور اقربا پروری کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ حکومت اس بات سے بالکل بے خبر ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ٹیم کی عبرت ناک شکست کے بعد کس قدر سُبکی اور حریف ممالک کے طعنوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے، گیمز کے دوران ناگویا اور ٹوکیو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے قومی کھلاڑیوں کا شان دار استقبال کرتے ہوئے انہیں قومی ہیروز کا درجہ دیا اور اُن کے اعزاز میں متعدد تقریبات منعقد کیں، خصوصاً۔ اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں ایک باوقار تقریب منعقد کی گئی۔بہرکیف، اوورسیز کمیونٹی نے اربابِ اختیار سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ کھیلوں کے نظام کو سفارش کلچر سے پاک کر کے فوری طور پر ٹھوس بنیادوں پر درستی کے عمل کا آغازکیا جائے۔
کھیلوں کی دنیا میں جہاں ایران، عراق، افغانستان، لبنان اور یمن جیسے جنگ زدہ اور شدید معاشی و سیاسی بحرانوں کے شکار ممالک کے کھلاڑی مشکلات کے باوجود تمغے جیت کر اپنے قومی پرچم بلند کر رہے ہیں، وہیں پاکستان جیسے بڑے مُلک کا پیچھے رہ جانا،کسی المیے سے کم نہ تھا۔ نوجوانوں کی کثیر آبادی، شان دار ماضی اور بے پناہ ٹیلنٹ رکھنے کے باوجود ایشین گیمز کے میڈل ٹیبل پر پاکستان کی 29ویں پوزیشن انتہائی افسوس ناک اور لمحۂ فکریہ ہے۔
عالمی مقابلوں میں محض شرکت، کافی نہیں ہوتی، اس کے لیے بھرپور اور پیشہ ورانہ تیاری بھی ناگزیر ہوتی ہے، جو کسی بھی کھلاڑی کو دنیا کے بہترین حریفوں کے سامنے کھڑا کرتی ہے۔ جدید تربیت، معیاری کوچنگ، متوازن غذا، طبّی سہولتیں اور کھلاڑیوں میں حوصلے کی پختگی، وہ بنیادی ستون ہیں، جن کے بغیر بین الاقوامی سطح پر کام یابی ممکن نہیں۔
یہ المیہ ہے کہ ارشد ندیم جیسے عالمی چیمپئن کے اُبھرنے کے بعد پاکستان دوسرا جیولین تھرو اسٹار پیدا کرنے میں ناکام رہا، جب کہ پڑوسی مُلک بھارت نے نیرج چوپڑا کی کام یابی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے کئی نئے اسٹارز تیار کر لیے۔
پاکستان کوبھی کھیلوں کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لیے شوٹنگ، باکسنگ، کشتی، ایتھیلیٹکس، تیراکی، بیڈمنٹن اور ٹینس سمیت دیگر کھیلوں میں نچلی سطح پر ٹیلنٹ تلاش کرنا ہوگا۔ اب وقت آگیا ہے کہ محض بیانات کے بجائے ہر کھیل کے لیے واضح اہداف مقرر کیے جائیں اور کھلاڑیوں کو قابل کوچز، جدید ترین آلات اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مستقل مواقع فراہم کیے جائیں۔
پاکستان کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے، تو کبڈی میں تمغا حاصل نہ کر پانا تو انتہائی مایوس کُن امر ہے کہ کبڈی ہماری دیہی ثقافت، روایتی کھیلوں اور جسمانی مہارت کی نمایاں علامت ہے، لیکن اس بار قومی ٹیم اس کھیل میں بھی کوئی تمغا جیتنے میں کام یاب نہ ہوسکی۔ ہاکی کے تمغے کا حصول امید افزا ضرورہے، تاہم سوال یہ ہے کہاپنے قومی کھیل کے حوالے سے بھی ہم کب تک صرف اپنے سنہری ماضی ہی پر فخر کرتے رہیں گے؟
کیا ہم کبھی ہاکی کے روشن مستقبل کے لیے نئے، باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش، جدید تربیتی سہولتوں کی فراہمی اور کوچنگ کے معیار میں بہتری کے بھی کچھ سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات کریں گے؟ اسکواش اور کرکٹ میں چاندی کے تمغوں نے پاکستان کو تمغوں کی مجموعی دوڑ میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے میں مدد دی، تو والی بال میں64سال کے طویل وقفے کے بعد کانسی کا تمغا جیتنا بھی اچھی پیش رفت ہے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران والی بال میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی مسلسل بہتری کی جانب گام زن ہے، جس کا سہرا کسی حد تک پاکستان والی بال فیڈریشن کے عہدے داروں کو جاتا ہے کہ وہ ٹیم کی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت یقینی بنانے کے لیے ذاتی دل چسپی لیتے اور اسپانسرشپ کے حصول کی کوششیں کرتے ہیں۔ بہرحال، پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت، پاکستان اسپورٹس بورڈ، قومی کھیلوں کی فیڈریشنز، صوبائی اداروں اور تعلیمی نظام کو ایک مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔
محض بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت یا وقتی کام یابیوں پر اکتفا کرنے کے بجائے کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک جامع اور طویل المدتی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ اس ضمن میں ہر قومی فیڈریشن سے بازپُرس ہونی چاہیے کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران اس نے کتنے نئے اور باصلاحیت کھلاڑی تیار کیے، تربیت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے اور بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کے حصول کے لیے کس قدر مؤثر منصوبہ بندی کی۔
اسی طرح سرکاری و دیگر مالی وسائل کے استعمال میں شفّافیت یقینی بنانے کے ساتھ کھلاڑیوں کے انتخاب، کوچز کی تقرری اور تربیتی پروگراموں کے نتائج کا بھی باقاعدہ جائزہ لیا جانا چاہیے۔ نیز، پاکستان کو آئندہ چار برسوں کے لیے کھیلوں کے شعبے میں واضح اور قابلِ پیمائش اہداف مقرر کرکے اُن کھیلوں کی نشان دہی کی جائے، جن میں دست یاب صلاحیت، ماضی کی کارکردگی اور موجودہ وسائل کی بنیاد پر طلائی تمغے جیتنے کے امکانات بہتر ہیں، پھر ان کھیلوں کے لیے خصوصی تربیتی منصوبے، جدید سہولتیں اور ماہر کوچز فراہم کیے جائیں۔
یقیناً ہر کھیل میں تمغے کی ضمانت نہیں دی جاسکتی، لیکن بہتر تیاری، میرٹ پر کھلاڑیوں کا انتخاب، معیاری کوچنگ اور مسلسل محنت کے لیے سازگار ماحول ضرور پیدا کیا جاسکتا ہے۔ اس ضمن میں کھیلوں کے اداروں کی کارکردگی کو محض دعووں اور اعلانات کے بجائے ٹھوس نتائج کی بنیاد پر جانچنا بھی ضروری ہے۔ پاکستانی کھیلوں کا ایک بنیادی مسئلہ انتظامی معاملات میں تسلسل اور پیشہ ورانہ معیار کا فقدان بھی ہے۔
کھیلوں کے بعض اداروں اور بورڈز کی سربراہی کے لیے سیاسی وابستگیوں یا ذاتی تعلقات کو ترجیح دیے جانے کے باعث میرٹ اور اہلیت متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوتے ہیں۔ متعدد کھیلوں میں انتظامی عہدے داروں، کوچز اور کپتانوں کی بار بار تبدیلی بھی ٹیمز کی یک سوئی، اعتماد اور کارکردگی پر منفی اثر ڈال سکتی ہے، خصوصاً اُس وقت، جب ان تبدیلیوں کے ساتھ کوئی واضح طویل المدّتی منصوبہ موجود نہ ہو۔
کھیلوں کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ اہم عہدوں پر تقرریاں اہلیت اور تجربے کی بنیاد پر کی جائیں اور ہر سطح پر پالیسیز کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے۔ خواتین کے کھیلوں کو بھی قومی حکمتِ عملی میں مساوی اہمیت دینے کی ضرورت ہے۔
سماجی دباؤ، مناسب تربیتی سہولتوں کی کمی اور دیگر رکاوٹوں کے باعث بہت سی باصلاحیت خواتین اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع سے محروم رہ جاتی ہیں۔ تعلیمی اداروں سے لے کر قومی کھیلوں کی فیڈریشنز تک خواتین کھلاڑیوں کے لیے محفوظ ماحول، معیاری کوچنگ، ضروری سہولتوں اور مقابلوں میں شرکت کے مؤثر مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
حقیقت یہ ہے کہ کھیلوں میں دیرپا کام یابی محض چند غیرمعمولی کھلاڑیوں کی انفرادی صلاحیت یا کسی ایک آدھ مقابلے میں اچھی کارکردگی پر محمول نہیں ،بلکہ مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچا، مسلسل تربیت، شفّاف انتخاب اور مؤثر انتظامی حکمتِ عملی بھی ناگزیر ہے۔ اورجس روز ان بنیادی خامیوں کا ازالہ کرلیا گیا،کھیل کے میدان میں پاکستان کی کام یابیاں چند غیرمعمولی کھلاڑیوں کی انفرادی صلاحیتوں تک محدود رہنے کے بجائے ایک مستحکم، پائےدار قومی روایت کا حصّہ بن جائیں گی۔
اسی حوالے سے ایک خوش آئند خبر یہ ہے کہ کھلاڑیوں کی مایوس کُن کارکردگی کے بعد جاپان میں مقیم پاکستانی صنعت کاروں نے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تربیت کے اخراجات برداشت کرنے کی پیش کش کی ہے۔ صنعت کار،احمد وقار نے ایک پاکستانی کھلاڑی کی جاپان میں انفرادی تربیت کے اخراجات اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، تاہم ناقص سلیکشن کے باعث باصلاحیت کھلاڑی آگے نہیں آ پاتے۔
اسی طرح صنعت کار عبدالرزاق نے ایک پاکستانی باکسر کی تربیت کے اخراجات برداشت کرنے کی پیش کش کی۔ بہرکیف، ان نجی کاوشوں سے بھی فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب سو فی صد میرٹ پر کیا جائے، تاکہ وہ عالمی مقابلوں میں ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کرسکیں۔