پشاور زلمی کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی میں پاور پلے اہم ہوتا ہے، زلمی کو پاور پلے میں اچھا کھیلنا ہو گا۔
انہوں نے میڈیاٹاک میں کہا ہے کہ کنڈیشنز کے حساب سے پلیئنگ الیون بنائیں گے، اوس اہم کردار ادا کر سکتی ہے، راولپنڈی میں موسم تبدیل ہو رہا ہے۔
مشتاق احمد نے کہا کہ بابراعظم کو ایک اچھی اننگز کی ضرورت ہے، 30، 40 رنز ان کے لیے کچھ بھی نہیں، انہوں نے 5 سال لگاتار پرفارمنس دی ہے، اتار چڑھاؤ کیریئر کا حصہ ہوتا ہے، کیریئر میں خراب دورانیہ انہیں مزید بہتر بیٹر بنائے گا، وہ پُر اعتماد لگ رہے ہیں، انہیں پشاور زلمی اعتماد دے رہی ہے۔
مشتاق احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں بابر اعظم سے کپتانی لی گئی جس سے پریشر آیا، ناکامی کے دور میں ان کا ساتھ نہیں دیا گیا، اگر ان کا خراب پرفارمنس میں ساتھ دیتے تو یہ مدت اتنی لمبی نہ ہوتی۔
انہوں نے بتایا ہے کہ اسپنر اگر وکٹیں لے لیں تو ٹیم کے لیے فائدہ ہی ہو گا، پاکستان کی بولنگ کمزور اس لیے ہے کیونکہ پریکٹس کی کمی ہے۔
نئے دور کی کرکٹ پر بات کرتے ہوئے سابق پاکستانی اسپن لیجنڈ نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بیٹر کی صلاحیتیں بہتر ہوئیں، بولرخود کو بہتر نہیں کر پائے۔