• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کل یورپ کے مختلف ممالک فرانس، اسپین، پرتگال، البانیہ ،بلجیم اور اٹلی میں لاکھوں افراد تعلیم، صحت اور اجرتوں میں اضافے کیساتھ ساتھ مکانوں میں بڑھتے ہوئے کرایوں میں کمی کیلئے سڑکوں پر مظاہرے کر رہے ہیں۔ پیرس میں ان مظاہروں کے باعث زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے کیونکہ یہ احتجاج پھیلتے پھیلتے ایک وسیع بغاوت میں تبدیل ہو گیا ہے جس سے روز بروز توڑ پھوڑ، لوٹ مار اور آتش زنی کے واقعات میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ فرانس کے اس احتجاج کا آغاز ستمبر کے آخر میں مضافاتی علاقوں کے طالب علموں نے اس وقت شروع کیا جب انکے اسکولوں کو گرم ٹھنڈا رکھنے اور چوہوں کواسکولوں کے اندر آنے سے روکنے کی سہولیات ناکافی ہوگئیں۔اس کے ساتھ اساتذہ کو نوکریوں کے تحفظ سے بھی محروم کر دیا گیا۔ طلباء کے مظاہروں کے جواب میں حکومت نے تین ہزار مزید عارضی استاد بھرتی کرنے کا وعدہ کیا لیکن اس سے بھی طالبعلموں کے خدشات دور نہ ہو سکے۔ طالبعلموں کے ان مظاہروں کیساتھ ساتھ لاکھوں فرانسیسی مردوں، عورتوں اور مزدور یونینیں زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات ، شدید عدم مساوات اور کمزور پڑتے ہوئے سماجی بہبودکے نظام کے خلاف اپنی اجتماعی مایوسی کے اظہار کیلئے سڑکوں پر طلباء کے احتجاج میں شامل ہو گئے۔مظاہروں کے دوران پیرس کا درجہ حرارت 100ڈگری فارن ہائٹس سے بڑھ گیااور یوں اس اضافے سے مرنے والوں کی تعداد 8000سے تجاوز کر گئی۔ فرانس کی اس عوامی بغاوت کا سب سے افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ ان مظاہروں کی وجہ سے انتہائی دائیں بازو کی کی صدارتی امیدوار میرین لو پین کو مزید مقبولیت حاصل ہورہی ہے ۔ وہ ٹرمپ کی طرح امیگریشن کو معاشرے کے ہر مسئلے کی بنیادی وجہ قرار دیتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اسپین میں بھی رہائش کے بحران کے بدترین اثرات حالیہ ادوار میں سامنے آ رہے ہیں جب 87سالہ ماری کارمن کو انکے ستر سالہ گھر سے زبر دستی بے دخل کر دیا گیا،کیونکہ وہ کرائے میں 230فیصد اضافے کی ادائیگی نہیں کر سکتی تھیں۔ دو ہفتے کے بعد وہ انتقال کر گئیں جس سے عوامی غصے میں شدت آگئی۔ البانیہ میں ہونے والے احتجاج دراصل ماحولیاتی خدشات کے خلاف شروع ہوئے جب ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اور دامادنے البانیہ کے ایک جزیرے کو اپنی نو آبادیات سمجھتے ہوئے اپنے قبضے میں لینے کی کوشش کی ۔اسکے ساتھ اٹلی میں بھی زرد جیکٹوں کی تحریک جس نے 2018ء اور 2019ء میں معیار زندگی میں کمی کخلاف پورے اٹلی کو اپنے مظاہروں کی لپیٹ میں لے لیا تھا وہ بھی مزدور یونینوں کے ساتھ ملکر مسلسل مظاہرے کر رہی ہے۔یاد رہے کہ آج فرانس کا مجموعی قرض جی ڈی پی کا 119فیصد ہو چکا ہے جس کو عذر بناتے ہوئے ریاست تعلیم اور صحت پر مزید خرچ نہیں کر رہی۔لیکن اسکے بالکل برخلاف فرانس کی ایک فیصد اشرافیہ کی دولت میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے ۔ دوسری طرف سرمایہ دارانہ نظام کا یہ خاصہ رہا ہے کہ وہ اس نظام میں آنے والی تبدیلیوں کو پہلے سے بھانپتے ہوئے بے اثر کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔انیسویں صدی کے صنعتی انقلاب نے یورپین معاشرے میں شدید تضادات کو جنم دیا اور مزدور جو کہ اس معاشرے کی بنیادی قوت تھے وہ دن بدن بڑھتے ہوئے مسائل کی دلدل میں دھنستے چلے جا رہے تھے۔اس پر کارل مارکس نے کہا تھا کہ مزدوروں اور محنت کشوں کا سب سے پہلا انقلاب جدید صنعتی ممالک میں ظہور پذیر ہوگا ۔لیکن کارل مارکس کی یہ پیشگوئی غلط ثابت ہوئی اوریہ انقلاب روس جیسے معاشرے میں آیا جو صنعتی طور پر پسماندہ ملک تھا۔ جس پر لینن نے اسکی توجیہہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی ممالک کے سرمایہ داروں نے نو آبادیات سے کثیر تعداد میں لوٹی ہوئی دولت کا کچھ حصہ مزدور طبقے میں بطور رشوت تقسیم کیا جس کی بدولت وہاں کے مزدوروں کی انقلابی حس ماند پڑ گئی جوکہ انقلاب کا باعث بن سکتی تھی۔جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ داری نظام نے مزدوروں کی حالت زار دیکھتے ہوئے فوری طور پر نو آبادیات سے لوٹ مار کا کچھ سرمایہ مزدوروں کو منتقل کیا اور اسے Trickle Down نظریے سے تعبیر کیا۔اسی طرح اکتوبر انقلاب کے بعد یورپین ممالک نے اپنے معاشروں میں عوام کیلئے تعلیم ، صحت اور روزگار مہیا کرنے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ فلاحی ریاست کے تصور کو ابھارا تاکہ یورپ کے عوام میں سوشلزم کے تصور کو زیادہ پذیرائی نہ مل سکے ۔ لیکن سویت یونین کے خاتمے نے یورپ میں فلاحی ریاست کے تصورکو شدید دھچکا پہنچایا ۔ نیو لبرل ازم نے اسکی جگہ لے کر سرمایہ اور محنت کے درمیان تمام رشتوں کو پاش پاش کر دیا۔وہی امریکہ جس نے دوسری جنگ عظیم کی تباہ کاریوں کے بعد یورپ کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا تھا ، وہ اب ٹرمپ کی صورت میں یورپین ممالک پر نہ صرف ٹیرف کی بوچھاڑ کر رہا ہے بلکہ ان پر مسلسل دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ ماحولیات کی بہتری کے منصوبوں پر خرچ ہونے والی 350بلین ڈالرز کی انوسٹمنٹ کا رخ اپنے دفاعی بجٹ کی طرف موڑ دیں تاکہ ہر یورپین ملک کا دفاعی بجٹ جی ڈی پی کاکم از کم پانچ فیصد ہوجائے۔آج یورپین ممالک کے دفاعی بجٹ میں اضافے سے انکا سماجی بہبود کا نظام درہم برہم ہوتا جا رہا ہے۔ یورپ میں طلبا ء کی تحریک نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ فلاحی ریاست کی جانب پیش قدمی کا واحد راستہ سماج کے تمام مظلوم و محکوم طبقات کو اکٹھا کر کے آگے بڑھنے کا نام ہے۔ہمیں بھی یورپین خلفشار سے سبق حاصل کرتے ہوئے فلاحی ریاست کے تصور کو آگے بڑھانا چاہئے تاکہ ریاست اور عوام کے درمیان کوئی رشتہ استوار ہوسکے اور ہم بھی عوامی خوشحالی کے نئے دور کی طرف گامزن ہو سکیں۔

تازہ ترین