گزشتہ دنوں اسلام آباد میں وزارت خزانہ نے 20 اور 21 اکتوبر کو ’’پاکستان کے ٹیکس نظام میں اصلاحات‘‘ پر ایک خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور آئی ایف سی کے ریجنل ڈائریکٹرز نے پاکستان میں معاشی استحکام کو اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔ سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسل نے مجھے بھی اس ورکشاپ میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر مدعو کیا تھا۔ اس کے علاوہ 22 اکتوبر کو CEO کلب پاکستان نے بھی سرینا ہوٹل اسلام آباد میں ملکی معیشت پر ایک اہم کانفرنس منعقد کی جس میں میرے علاوہ وفاقی وزراء اور کارپوریٹ سیکٹر کےCEOs نے پاکستان کے معاشی مستقبل کے حوالے سے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان نے معاشی استحکام کے حصول میں پیشرفت حاصل کی ہے لیکن حکومت معاشی ترقی، سرمایہ کاری، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ تقریب میں شریک آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر نے ٹیکس نظام میں اصلاحات اوراسے وسعت دینے جبکہ ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر نے اصلاحاتی ترجیحات میں نجی سرمایہ کاری، پیداواری صلاحیت اور کاروباری ماحول کی بہتری پر زور دیا۔
پاکستان کے ٹیکس نظام کے بنیادی مسائل ٹیکس نیٹ کا محدود ہونا، زرعی شعبے، رئیل اسٹیٹ اور ٹریڈرز کو ٹیکس نیٹ میں نہ لانا ہے۔ آئی ایم ایف کے مڈل ایسٹ اور وسط ایشیاء کے ڈائریکٹر Jihad Azour نے پاکستان میں معاشی استحکام اور مالیاتی صورتحال میں بہتری (Consolidation) کو تسلیم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اس معاشی استحکام کو پائیدار اقتصادی گروتھ میں تبدیل کرنا ضروری ہے جس کیلئے ٹیکس نیٹ میں توسیع اور پالیسیوں کا تسلسل نہایت ضروری ہے۔ ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر سندیپ مہاجن، کنٹری ڈائریکٹر بولورماگاباز اور آئی ایف سی کے ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز نے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر سفارشات پیش کیں۔ میں نے اپنی تقریر میں بتایا کہ پاکستان Boom & Bust مراحل سے گزر رہا ہے۔ Boom وہ مرحلہ ہے جہاں تیز معاشی گروتھ اور روزگار کے نئے مواقع حاصل ہوتے ہیں جبکہ Bust مرحلے میں معیشت زوال سے گزرتی ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہماری معاشی ترقی غیر مستحکم ہے۔ ہمیں اپنی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے پائیدار گروتھ حاصل کرنا ہوگی۔ اس وقت پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 3 سے 3.5 فیصد ہے لیکن جب بھی ہماری جی ڈی پی 4 سے 5 فیصد سے تجاوز کرتی ہے تو ہماری امپورٹس میں اضافہ ہوجاتا ہے جس کا دباؤ زرمبادلہ کے ذخائر اور روپے کی قدر پر پڑتا ہے اور ہمیں امپورٹ روکنے کیلئے LCs پر پابندی لگانا پڑتی ہے جس سے ایکسپورٹ صنعت کے خام مال کی امپورٹ متاثر ہوتی ہے جو ملکی ایکسپورٹ میں کمی کا باعث بنتا ہے جسے Heating of Economy کہا جاتا ہے۔
پاکستان کی امپورٹ کا انحصار خام مال کی امپورٹ پر ہے۔ ایک وقت تھا کہ حکومت کے پاس صرف 15 دن کی امپورٹ کے زرمبادلہ ذخائر موجود تھے، آج اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 21ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں جو 3 مہینے کی امپورٹ کی ادائیگی کیلئے کافی ہیں۔ ہمیں معاشی ترقی کیلئے ایکسپورٹ لیڈ گروتھ ماڈل اپنانا ہوگا جس میں بیرونی زرمبادلہ کے ساتھ نئی ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہوں اور کمایا گیا ڈالر واپس نہ کرنا پڑے۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، بابائے قوم نے ایک زرعی صنعتی پاکستان کا خواب دیکھا تھا لیکن زراعت کے شعبے میں ہماری گروتھ مایوس کن ہے۔ کپاس جو ہماری ٹیکسٹائل صنعت کا خام مال ہے، کی پیداوار 13 ملین بیلز سے کم ہوکر 6 ملین بیلز سالانہ پر آگئی ہے اور ہمیں 3 سے 4 ملین بیلز کاٹن سالانہ امپورٹ کرنا پڑرہی ہے جو زرمبادلہ کے ذخائر پر ایک بوجھ ہے۔ ہمیں خسارے میں چلنے والے حکومتی اداروں (SOEs) کی نجکاری کیلئے بھی فوری اقدامات کرنا ہوں گے جن کا سالانہ خسارہ 833 ارب تک جاپہنچا ہے۔ اس کے علاوہ بجلی، گیس کے گردشی قرضوں پر قابو پانا ہوگا جو ریکارڈ 5300 ارب روپے سے تجاوز کرگئے ہیں جو بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا سبب ہیں۔ بجلی، گیس کے غیر مقابلاتی نرخ کی وجہ سے عالمی منڈی میں ہماری ایکسپورٹس بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
کانفرنس میں کینیڈا، پولینڈ، پرتگال اور ہنگری کے سفیروں نے بھی پاکستان کی معاشی ترقی میں سفارتکاری کے کردار پر سفارشات پیش کیں جس سے تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور عالمی منڈیوں تک رسائی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کا حاصل کردہ معاشی استحکام خوش آئند ہے لیکن یہ حتمی منزل نہیں۔ اصل معاشی ترقی وہ ہے جس میں اس کے ثمرات ایک عام آدمی تک پہنچ سکیں تاکہ غربت میں کمی، عوام کو تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کرکے غریب طبقے کے معیار زندگی میں بہتری لائی جاسکے۔