پشاور( کرائم رپورٹر) محکمہ انسداد دہشت گردی اور بم ڈسپوزل یونٹ پشاور نے تباہی کے بڑے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے پتنگ چوک میں سڑک کنارے نصب بم کو ناکارہ بنا دیا جبکہ سرچ آپریشن کے دوران بم نصب کرنے والے دہشت گرد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے جسے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سی ٹی ڈی پشاو رکو اطلاع ملی تھی کہ ایک دہشت گردی تباہی پھیلانے کی غرض سے پشاور میں عوامی مقام پر بم نصب کرے گا جس پر انہوں نے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کا سلسلہ شروع کردیا جس کے دوران انہیں اطلاع ملی کہ رنگ روڈ پر پتنگ چوک میں ایک مشکوک ڈبہ پڑا ہے جس پر انہوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقہ کا محاصرہ کردیا اور رنگ روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کرکے بی ڈی یو کو طلب کرلیا جنہوں نے مشکوک ڈبہ میں بم کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا بی ڈی یو کے مطابق ڈبہ میں 5کلو گرام وزنی بم نصب تھا دوسری جانب سی ٹی ڈی نے سرچ آپریشن کے دوران بم نصب کرنے والے دہشت گرد کو بھی گرفتار کرلیا جسے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔