• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے انتظامی یونٹس کے بارے میں رواں سال جولائی میں اچانک ملکی سیاست کا رخ ایک نئی بحث کی طرف مڑ گیا تھا، اس حوالے سے ہم نے بھی اپنے کالم میں معروضات پیش کی تھیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے تیس جولائی کو کہا تھا کہ ’’ملک کا موجودہ نظامِ حکمرانی اپنی افادیت کھو چکا ہے اور بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی تھی کہ ’’وہ نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام سمیت قومی مسائل پر مل بیٹھیں۔‘‘ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا مؤقف تھا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور ضروریات کے پیش نظر موجودہ انتظامی ڈھانچے پر نظر ثانی ناگزیر ہوچکی ہے۔ اسی تجویز، مطالبے یا بات کہہ لیں کو ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری، ڈی جی آئی ایس پی آر نے نئے صوبوں کے معاملے پر کہا تھا کہ سن انیس بہتر میں پاکستان کی آبادی تقریباً سات سے آٹھ کروڑ تھی جو اب تقریباً پچیس کروڑ ہوچکی ہے لیکن صوبے اب بھی چار ہی ہیں۔‘‘

اب ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ’’جہاں صوبے کا مطالبہ ہے اور جہاں آبادی کے مطابق صوبوں کی ضرورت ہے وہاں صوبے بنائے جائیں۔‘‘ کراچی میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان میں سب سے مضبوط صوبے کا مقدمہ اور ضرورت سندھ کے شہری علاقوں میں ہے۔‘‘ ان کا موجودہ حالات سے مایوسی کے شکار کروڑوں عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’ایسی جمہوریت کی ضرورت نہیں جس کے ثمرات عام پاکستانیوں تک نہ پہنچیں۔‘‘ خالد مقبول صدیقی کا یہ کہناغلط نہیں تھا کہ ’’انتظامی یونٹ کے مطالبے کو ایوانوں سے نکال کر قانون و آئین کے راستوں سے ہوکر سڑکوں پر فیصلہ کروائیںگے۔‘‘ ناقدین کے سامنے آنے والے سخت اور مضحکہ خیز سوالات پر ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ جو پوچھتے ہیں ناں کہ آپ کا صوبہ کہاں بنے گا؟ ان کو جواب ہے کہ ہم اپنے حصے کی زمین ساتھ لائے تھے۔ پاکستان میں غیر مسلموں کی چھوڑی ہوئی متروکہ جائیدادیں قانونی طور پر ہماری ہیں۔ اب ظالموں اور جابروں کے خلاف مظلوموں کی صف بندی کا وقت آچکا ہے، ایک طرف لوٹنے والے اور دوسری طرف لٹنے والے ہوں گے۔ پاکستان کو بچانے کے لیے صف بندی تیار ہے، پاکستان کو موروثی سیاست اور جاگیر دارانہ جمہوریت کی ضرورت نہیں۔‘‘اسی ضمن میں اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’’آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ نئے صوبے ضروری ہیں۔ جب شہریوں کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے تو محرومی بڑھے گی۔یہ چار صوبے چند خاندانوں کی اجارہ داری کو جاری رکھنے کی مشینری ہیں۔‘‘ فاروق ستار کا ایک نئے نکتے کو پیش کرتے ہوئے موقف تھا کہ ’’اب پاکستان میں ’’شراکتی شمولیتی جمہوریت‘‘ کی ضرورت ہے، چاروں صوبوں میں نئے انتظامی یونٹس ضروری ہیں۔‘‘ پی پی پی کی دکھتی ہوئی رگ پر ہاتھ رکھنے کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیتے ہوئے انہوں نے پھر کہا کہ ’’نئے صوبوں کے ساتھ ساتھ اب صوبہ سندھ میں انتظامی تقسیم کی ضرورت ہے۔‘‘

نئے صوبوں کا مطالبہ کوئی نیا بھی نہیں ہے۔ کئی دہائیوں سے یہ مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔ مجاہد ملت مولانا عبدالستار خان نیازی اولین مطالبہ کرنے والوں میں شامل تھے۔ بات یہ ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبائی خود مختاری میں اضافے اور وسائل کی تقسیم کے نئے انتظامات نے صوبوں کے اندر موجود علاقائی گروہوں میں نمائندگی اور اختیارات کی بحث کو مزید نمایاں کیا۔ خیبر پختونخواکے نام کی تبدیلی کے بعد ہزارہ ڈویژن میں احتجاج شروع ہوا تھا۔ اس تحریک نے الگ ہزارہ صوبے کے مطالبے کو قومی سیاست کا حصہ بنا دیا تھا۔

ایم کیو ایم نے ہزارہ اور جنوبی پنجاب کے نئے صوبوں کی حمایت کی اور اس معاملے کو قومی اسمبلی میں بھی اٹھایا تھا۔ جنوری سن 2012ءمیں ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں آئینی ترمیم کی تجویز بھی سامنے آئی تھی۔ تین مئی سن 2012ءکو قومی اسمبلی میں قرار داد بھی پیش ہوئی تھی۔

آصف علی زرداری پنجاب میں نئے صوبوں کے حامی رہے ہیں، اب کی بار سندھ میں نئے صوبوں کی انہیں حمایت کرنی چاہیے۔ سچی بات تو یہ ہے کہ نئے صوبوں کا مطالبہ یا تجویز کوئی سیاسی شوشہ نہیں ہے یہ عصر حاضر کی ضرورت ہے۔ دیکھا جائے تو سب سے زیادہ تقسیم پنجاب کی ہوگی جہاں سے کوئی شور نہیں اٹھ رہا اور نہ ہی بلوچستان یا خیبر پختونخواسے کوئی واویلا مچایا گیا ہے، صرف سندھ سے برسر اقتدار جماعت پیپلز پارٹی ہی سندھ کو ’’دھرتی ماں‘‘ کہہ کر اس کی مخالفت کررہی ہے وگرنہ سب کو علم ہے کہ پس منظر میں کیا چل رہا ہے۔ سندھ تقسیم ہوا، نئے انتظامی یونٹس بنے تو ایسی طاقت و توازن برقرار نہیں رہے گا، سندھی قوم پرستوں کی بھی آوازیں بلند ہوں گی، ایم کیو ایم بھی اپنی طاقت دکھائے گی۔ ہزارہ کو نیا صوبہ بنانے کے بارے میں تو اسمبلی میں قرارداد بھی پیش گئی تھی۔ اصل بات یہ ہے کہ جب نئے صوبے بنانے کا سنجیدہ فیصلہ ہوگیا تو پھر دو تہائی اکثریت بھی ناممکن نہیں رہے گی، سب سیٹ ہو جائے گا اور سسٹم ڈیلیور کرنے لگے گا، مایوسیاں بھی ختم ہوں گی۔

تازہ ترین