سردیوں کی آمد ہے، گھروں میں گیس کی ضرورت بڑھ رہی ہے، ہوٹلوں، تندوروں، ٹیکسٹائل، کھاد، سیمنٹ کی صنعتوں، بجلی گھروں اور ٹرانسپورٹ کا کاروبار LPG سے وابستہ ہے۔ پاکستان کے شمالی علاقوں میں لاکھوں خاندانوں کیلئے LPG زندگی کی بنیادی ضرورت ہے لیکن افسوس کہ جب بھی گیس کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے، عوام کو مہنگے سلنڈروں کی صورت میں ایک نئے معاشی بحران سے گزرنا پڑتا ہے۔ وفاقی حکومت نے اس بحران پر قابو پانے کیلئے 4حکومتی اداروں پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO)، پاکستان LNG، سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) ایل پی جی اور پارکو پرل گیس کو LPG امپورٹ کرنے کے لائسنس جاری کئے ہیں۔ پاکستان کی سالانہ LPG طلب 24 لاکھ میٹرک ٹن ہے جبکہ مقامی پیداوار 2000سے 2500میٹرک ٹن ہے، اس طرح باقی ضرورت LPG کی امپورٹ سے پوری کی جاتی ہے۔ پاکستان ایل پی جی ایسوسی ایشن کے مطابق ایران سے یومیہ بنیاد پر 7000میٹرک ٹن (70لاکھ کلو گرام) LPG پاکستان اسمگل کی جاتی ہے جسکی سپلائی آج کل پاک ایران سرحد بند ہونیکی وجہ سے معطل ہے جسکے باعث پاکستان میں LPG کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان نے 2024-25ء میں 1.693میٹرک ٹن LPG امپورٹ کی جسکی لاگت 1.1ارب ڈالر تھی جو ہماری LPG طلب کا 70 فیصد ہے۔ پاکستان میں LPG کی یومیہ طلب 4000سے4500میٹرک ٹن ہے جو سردیوں میں بڑھ کر 6000سے 7000میٹرک ٹن تک پہنچ جاتی ہے جبکہ LPG کی مقامی پیداوار 2000سے 2500میٹرک ٹن ہے، اس طرح ہمیں یومیہ 1500 سے 2500 میٹرک ٹن LPG کی کمی کا سامنا ہے جو سردیوں میں بڑھکر 3500سے 5000 میٹرک ٹن پہنچ جاتی ہے۔ پاکستان میں توانائی کیلئے استعمال ہونیوالی گیسوں میں پہلے نمبر پر قدرتی گیس (Natural Gas)، دوسرے نمبر پر مائع پیٹرولیم گیس (LPG)، تیسرے نمبر پر مائع قدرتی گیس (LNG)، چوتھے نمبر پر کمپریسڈ قدرتی گیس (CNG) اور پانچویں نمبر پر فضلے سے حاصل بائیو گیس (Biogas) شامل ہیں۔ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور چین ان 67 ممالک میں شامل ہیں جہاں قدرتی گیس، پائپ لائن ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کے ذریعے صارفین اور صنعتوں کو فراہم کی جاتی ہے۔ پاکستان میں استعمال ہونے والی LPG یعنی مائع پیٹرولیم گیس صرف کھانا پکانے کا ایندھن نہیں بلکہ صنعتوں، ہوٹلوں، زراعت، ٹرانسپورٹ اور گھریلو صارفین کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے۔
LPG قدرتی گیس کی پروسیسنگ سے پروپین اور بیوٹین الگ کرکے حاصل کی جاتی ہے۔ دنیا میں LPG ایکسپورٹ کرنیوالا سب سے بڑا ملک امریکہ ہے جسکی سالانہ LPG ایکسپورٹ 69ملین میٹرک ٹن (MMT) ہے جو عالمی LPG ایکسپورٹ کا 48 فیصد ہے جبکہ دوسرے نمبر پر مشرق وسطیٰ کے خلیجی ممالک کی LPG ایکسپورٹ 44.6ملین میٹرک ٹن (24فیصد) ہے جس میں قطر کا حصہ 10.3ملین میٹرک ٹن ہے۔ دنیا میں LPG امپورٹ کرنیوالا سب سے بڑا ملک چین ہے جسکی سالانہ LPG امپورٹ 16.90ارب ڈالر ہے، دوسرے نمبر پر بھارت 6.95 ارب ڈالر، تیسرے نمبر پر یورپی یونین ممالک 6.42ارب ڈالر، چوتھے نمبر پر جاپان 4.92 ارب ڈالر اور پانچویں نمبر پر جنوبی کوریا نے 3.22ارب ڈالر کی LPG امپورٹ کی۔LPG کے بزنس میں بلیک مارکیٹنگ بڑھتی جارہی ہے اور ناجائز منافع خور LPG سلنڈروں کی من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں حالانکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (OGRA) نے LPG کی فی کلو گرام قیمت 294 روپے مقرر کی ہے جس کے حساب سے 5 کلو گرام کے سلنڈر کی قیمت 1470روپے اور 11.8 کلو گرام کے سلنڈر کی قیمت 3470 روپے بنتی ہے لیکن مارکیٹ میں LPG گیس 540 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہورہی ہے اور 5کلو گرام کے سلنڈر کی قیمت 2700 روپے جبکہ 11.8 کلو گرام کے سلنڈر کی قیمت 6300روپے وصول کی جارہی ہے جو سرکاری نرخ سے 80 فیصد سے زائد ہے جسکا حل میرے نزدیک ڈی ریگولیشن ہے یعنی LPG کی سرکاری قیمت فکس کرنے کے بجائے مارکیٹ کو آزادانہ طور پر LPG کی قیمتیں طے کرنے دی جائے، نجی کمپنیوں کو LPG کی امپورٹ، پیداوار اور فروخت کی آزادی ہو اور LPG کی قیمتیں مارکیٹ میں طلب اور رسد کے مطابق مقرر کئے جائیں جس سے ایک صحتمند مقابلے کو فروغ ملے گا اور عوام کو سستی LPG دستیاب ہوسکے گی۔ میں نے قائمہ کمیٹی برائے کامرس کے اجلاس میں اس بات کی تجویز دی تھی کہ حکومت شوگر سیکٹر کی امپورٹ اور ایکسپورٹ کو بھی ڈی ریگولیٹ کرے اور چینی کی قیمت مارکیٹ کی طلب اور رسد کے حساب سے مقرر کیا جائے تاکہ ان سیکٹرز میں ناجائز منافع خوری کو کنٹرول کیا جاسکے۔