لندن (مرتضیٰ علی شاہ، سعید نیازی) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کی طرف سے پیر کو پاکستان میں ٹیلی فونک خطاب کے بعد میڈیا ہائوسز پر حملے اور پاکستان کے خلاف نازیبا کلمات استعمال کرنے کے خلاف منگل کی سہ پہر برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی سرکاری رہائش گاہ 10ڈائوننگ سٹریٹ کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کا اہتمام ورلڈ کانگریس آف اوورسیز کے چیئرمین سید قمر رضا اور پاکستان کمیونٹی سینٹر ولزڈن گرین لندن کے چیئرمین طارق ڈار نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ مظاہرے میں سینکڑوں پاکستانیوں نے شرکت کی جبکہ دیگر شہروں سے پاکستانی مظاہرے میں شرکت کیلئے لندن پہنچے تھے۔ مظاہرے کے شرکا میں بڑی تعداد پاکستانی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی تھی، مظاہرے سے قبل طارق ڈار نے شرکا پر واضح کردیا تھا کہ یہاں کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا نہ لہرایا جائے نہ ہی کوئی سیاسی نعرہ لگایا جائے۔ یہ مظاہرہ صرف پاکستان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف ہے۔ مظاہرین متحدہ اور اس کے لیڈر کے خلاف زبردست نعرے بازی کر تے رہے۔ مظاہرے سے سید قمر رضا، طارق ڈار، لارڈ احمد، صاحبزادہ جہانگیر اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مظاہرین کی طرف سے قرارداد 10 ڈائوننگ سٹریٹ میں لارڈ احمد نے پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ حکومت برطانیہ اور میٹرو پولیٹن پولیس اپنی سرزمین منفی مقاصد کیلئے استعمال نہ ہونے دے اور ایسا کرنے والے کے خلاف ہنگامہ آرائی پر اکسانے پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ کے قائد کے خطاب کے سبب کراچی میں ہنگامے شروع ہوئے اور میڈیا ہائوسز پر حملے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تشدد پر اکسانے کے واضح شواہد موجود ہیں جو کہ ان کے خلاف مقدمہ قائم کرنے کیلئے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریر کے بعد انہوں نے خود معافیبھی مانگ لی جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں نے لوگوں کو تشدد پر اکسایا تھااور ایسا نہیں ہے کہ انہوں نے ایسا پہلی بار کیا ہے۔ مقررین نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ وزیراعظم ہائوس اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لے گا اور لندن پولیس کو کارروائی کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔ مظاہرے میں سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز، امجد خان، ناصر بٹ، صاحبزادہ جہانگیر، ارشد ڈار، قاری جمیل، کونسلر نثار ملک، کونسلر صادق، مجیب حسین، محسن باری، رومی ملک، حبیب جان، چوہدری ماجد، نجیب خان، شوکت علی،مسز نوادر خان، شاکر خان، ریاض خان، ثمینہ علی، محمد علی چوہان، الطاف شاہد، اشرف چغتائی، مشتاق لاشاری، عارف انیس ملک اور دیگر شریک تھے۔