• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

7 برس تک سوسائیڈل ڈیزیز میں مبتلا رہا: سلمان خان کا انکشاف

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے حال ہی میں اپنی زندگی کی ایک انتہائی اذیت ناک حقیقت کا انکشاف کیا ہے۔

شو ٹو مچ وِد کاجول اینڈ ٹوئنکل میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے بتایا کہ وہ ساڑھے 7 برس تک ایک خطرناک مرض ٹرائی جیمینل نیورالجیا trigeminal neuralgia میں مبتلا رہے، جسے وہ سوسائیڈل ڈیزیز (خودکشی پر مجبور کرنے والی بیماری) قرار دیتے ہیں۔

سلمان خان نے بتایا کہ یہ درد اتنا خوفناک تھا کہ آپ یہ اپنے سب سے بڑے دشمن کے لیے بھی نہیں چاہیں گے، یہ ہر چار پانچ منٹ بعد حملہ کرتا تھا، مجھے ناشتہ کرنے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگ جاتا اور ڈنر تک پھر بھوکا رہتا تھا، ایک عام آملیٹ کھانے میں بھی خود کو زبردستی راضی کرنا پڑتا کیونکہ دوائیوں کا بھی کوئی اثر نہیں ہوتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ڈاکٹروں کو لگا کہ شاید یہ دانتوں کا مسئلہ ہے، مگر اصل میں اعصاب کا مرض نکلا، پہلی بار یہ جھٹکا مجھے 2007ء کی فلم پارٹنر کے سیٹ پر محسوس ہوا۔

سلمان خان کے مطابق اس بیماری کو سوسائیڈل ڈیزیز اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ ناقابلِ برداشت درد کے باعث دنیا بھر میں اس مرض کے مریضوں میں خودکشی کی شرح سب سے زیادہ ہے۔

اس موقع پر شو میں شریک عامر خان نے بھی گفتگو میں کہا کہ یہ درد واقعی ناقابلِ برداشت ہوتا ہے۔

سلمان خان نے بتایا کہ خوش قسمتی سے جدید میڈیکل سائنس نے میری زندگی آسان بنا دی، میں نے گاما نائف سرجری کرائی جس میں 7 سے 8 گھنٹے تک چہرے پر پیچ کس لگا کر علاج کیا گیا، مجھے بتایا گیا تھا کہ سرجری کے بعد درد صرف 20 سے 30 فیصد تک کم ہوگا، مگر خوش قسمتی سے یہ بالکل ختم ہوگیا۔

واضح رہے کہ ٹرائی جیمینل نیورالجیا چہرے کی ایک انتہائی تکلیف دہ بیماری ہے جس میں چہرے کی نسوں میں شدید بجلی کے جھٹکوں جیسا درد ہوتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید