• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر مصدق ملک کو سینیٹ میں کی گئی انکی ایک تقریر سے جانا تھا۔چالیس منٹ کی اس تقریر میں زبان وبیان، روانی، دلیل، شعر، طنز و مزاح،بے ساختگی، ربط ضبط اور مشاہدے سمیت کیا کچھ تھا جو نہیں تھا۔تسلی ہوئی کہ سلیقے سے فضائوں میں وہ خوشبو گھول سکتے ہیں۔ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جو اردو بول سکتے ہیں۔خیال آیا، تقریب کچھ تو بہر ملاقات چاہیے۔ انہیں کراچی ائیرپورٹ پر دیکھ لیا۔سلام کرنے کو جی چاہا۔اس خیال نے روک لیا کہ کہیں یہ گمان نہ کرلیا جائے کہ سلام شاہ کے مصاحب کو کیا جارہا ہے۔جہاز پہ سوار ہوا تو کیا دیکھتا ہوں کہ جناب میری برابر والی سیٹ پر بیٹھے ہیں۔انکے ہاتھ میں انگریزی کا کوئی کتابچہ تھا۔انہوں نے سوچا ہوگا کہ جہاز اڑے گا تو کتاب پڑھوں گا، مگر میں نے ایسا ہونے نہیں دیا۔دیر تک گفتگو رہی۔اب بھی اسکی خوشبو محسوس ہوتی ہے۔

ایک اور جینئس سینیٹر سے بھی یونہی جہاز میں ملاقات ہوئی۔کوئٹہ میں ان سے ملنے کی میں نے کوشش کی مگر ہاتھ نہیں آئے۔جہاز میں انکی سیٹ اپنے ساتھ دیکھی تو کبھی انہیں کبھی اپنی سیٹ کو دیکھنے لگا۔حمزہ علوی کی کتاب انکی گود میں رکھی تھی۔ان کا بھی یہی خیال تھا کہ اڑن کھٹولہ اڑان بھرلے تو کتاب پڑھوں گا مگر میں نے انکو بھی ایسا کرنے نہیں دیا۔دیر تک انکے عظیم والد کو انکی باتوں سے دیکھا۔جہاز اترنے لگا تو میر صاحب نے اپنی کتاب مجھے دیدی۔میں نے کتاب بھی لی اور کتاب پر ان کا دستخط بھی لیا۔انہوں نے اپنے ہی قلم سے لکھا، میر حاصل خان بزنجو۔ 

حسین اتفاقات کی اتفاق فائونڈری کھل گئی ہے تو ایک حسین ترین اتفاق اور بھی سن لیں۔ریڈیو پاکستان کے باہر گاڑی میں بیٹھا تھا۔گرے رنگ کی سوزوکی Swift ریورس میں آئی اورمیری گاڑی کو ہلکی سی چمی کر گئی۔ڈرائیونگ سائیڈ دروازے سے تھری پیس سوٹ میں میانہ قد کے ایک جانے پہچانے سے بزرگ اتر آئے۔ابھی مجھ تک پہنچے نہیں تھے کہ میں جھٹ پٹ اتر آیا۔اس سے پہلے کہ میں کچھ کہتا انہوں نے کہا، بیٹا معافی چاہتا ہوں میں نے دیکھا نہیں۔یہ کہہ کر انہوں نے ہاتھ شفقت سے میرے کندھے کی طرف بڑھایا تو میں نے ہاتھ پکڑ کر بوسہ دیدیا۔اور کہا، آپ نے میری گاڑی کو ہٹ کیا میرے مقدر سنور گئے۔گاڑی ہٹ نہ کرتے تو آپکی دست بوسی کیسے ہوتی۔ دو چار باتیں کرکے کہنے لگے، ضروری اجلاس میں جارہا ہوں ورنہ آپ کی خدمت کرتا۔اپنی چھوٹی سی گاڑی میں بیٹھے، گئیر لگایا اور سینیٹ کی طرف نکل گئے۔ میں پیچھے حیران کھڑا رہ گیا۔سینیٹر فرحت اللہ بابر تو میری سوچ سے کہیں بڑھ کر بڑے آدمی نکلے۔ سینیٹ میں اب نہ کوئی فرحت اللہ بابر ہے نہ حاصل بزنجو۔افراسیاب خٹک اور تاج حیدر بھی نہیں ہیں۔عثمان کاکڑ اور ثنااللہ بلوچ کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ ہوں۔پرویز رشید؟ ہر چند کہیں کہ ہے نہیں ہے۔لے دے کر ایک فیصل سبزواری اور ڈاکٹر مصدق ملک رہ گئے ہیں۔ انہیں سن کر اور کچھ ہو نہ ہو جی بہل جاتا ہے۔سینیٹرز کے انتخاب میں کبھی اہلیت قابلیت اوربردباری جیسی چیزیں دیکھی جاتی تھیں۔ گوشوارے بھی دیکھے جاتے تھے مگر اب گوشوارے ہی دیکھے جارہے ہیں۔سینیٹر ہونا دراصل ایک ایٹی ٹیوڈ تھا۔یہ ایٹی ٹیوڈ ذاتی کردار، انداز گفتگو، طرز استدلال، تحمل، تجربے اور مطالعے سے آتا تھا۔یہ تمام چیزیں مائنس کرکے اب جو چیز سامنے آتی ہے اسی کو آسان الفاظ میں سینیٹر کہہ دیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر مصدق ان دنوں دلی میں موجود ہیں۔شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ایک سے بڑھ ایک سخن ور بیٹھا ہے مگر خطے میں چرچے مصدق ملک کے انداز بیاں کے ہیں۔غالب کے طرفداروں کا انداز بیاں اور ہی ہوتا ہے۔ڈاکٹر صاحب ایسے حالات میں انڈیا گئے ہیں جب ماحول میں تنائو ہے مگر ڈاکٹر صاحب بھی تو ماحولیات کے ہی وزیر ہیں۔وہ جانتے ہیں کہ گلیشیرز کیسے پگھلتے ہیں اور موسم کیسے تبدیل ہوتے ہیں۔اجلاس میں چونکہ تہذیبی مکالمے ہورہے ہیں اسلئے ڈاکٹر مصدق ملک نے بات پہنچانے کے لیے اپنے اور میزبان کے بیچ پُل باندھنا ضروری سمجھا۔پل کیلئے مٹی گارا انہوں نے پرانی دلی سے ہی اٹھایا۔دریا کے آر پار انہوں نے اردو کا پل بچھایا۔پُل کے ہر کنارے کو غالب کے مصرعوں سے ٹائٹ کیا۔خسرو کا نام لیا اور تہذیب کی گاڑی کو آہستگی اور شائستگی سے پل پر سے گزار دیا۔اس طرح کے پل تعمیر کرنا بھی شاید توفیق کی بات ہوتی ہے۔جاوید اختر شاعر ابن شاعر ہیں۔لاہور کے فیض میلے میں ہوتے ہوئے بھی انہیں فیض نظر نہ آئے۔کیسی عجیب بات ہے۔مصدق ملک سیاستدان تھے اور دلی میں انکی نقل و حرکت بھی محدود تھی۔محدود دائرے میں بھی دستار دونوں ہاتھوں سے تھام کر چلنے کی ہدایات تھیں۔اسکے باوجود انہیں غالب اورخسرو نظر آگئے۔میر کی طرح دلی کے کوچے ان کیلئے مصور کے اوراق بن گئے تھے۔جتنی شکلیں انکو نظر آتی گئیں اتنی تصویریں بناتے گئے۔اس خوبی سے بناتے گئے کہ جو نہیں دیکھنا چاہتے تھے انہوں نے بھی مزا پایا۔درد کی دوا پائی درد بے دوا پایا۔

ڈاکٹر مصدق نے جو کام کیا وہ ریاستوں کے کرنے کے ہوتے ہیں۔جنگ عظیم کے بعد اپنا نام اچھا کرنے کیلئے جرمنی نے گوئٹے ڈپلومیسی کی بنیاد رکھی تھی۔برطانیہ نے شیکسپیئر ڈپلومیسی متعارف کروائی تھی۔رومی اور سعدی و شیرازی بھی سفارت کے باب میں رہداریوں کی حیثیت رکھتے ہیں۔آج مصدق ملک کی وجہ سے غالب ڈپلومیسی خبروں میں ہے۔اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ادب میں سرحدوں کو نرمانے کا کتنا پوٹینشل موجود ہے۔ڈاکٹر مصدق کو اپنی بات کے خریدار ایسے زمانے میں مل گئے جب خرد کی بات کرنے والا بائولا لگتا ہے۔اس بات پر خوشی ہونی چاہیے مگر میرا ایک دوست اب بھی دکھی ہے۔وہ ڈاکٹر مصدق کو سراہنا چاہتا ہے مگر اس بات پر دل چھوٹا کرلیا ہے کہ ڈاکٹر مصدق ملک کا تعلق ناپسندیدہ سیاسی جماعت سے ہے۔پگلے! ایک شعر سنانے پر کرشن نگر کے کوچوان نے ناصر کاظمی کا کرایہ ہمیشہ کیلئے معاف کردیا تھا۔ غالب اور خسرو کے انتخاب پر تم مصدق ملک کا گناہ تین دن کے لیے بھی معاف نہیں کرسکتے؟

تازہ ترین