19نومبر کو تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ امریکہ ، چین اور روس کے رہنمائوں جو کہ دنیا کے90فیصد سے زائد جوہری ہتھیاروں کے مالک ہیں، نے اپنے شدید اختلافات کے باوجود ایک ساتھ بیٹھنے کافیصلہ کیا۔ اگرچہ اس ملاقات سے کوئی حقیقی پیش رفت نہیں ہوئی لیکن ان راہنمائوںنے جوہری خطرات میں کمی جیسے اہداف کو اپناتے ہوئے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے ۔لیکن یہ بات اب تک واضح نہیں ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے سلسلے میں مسلسل بات چیت کا آغازکب ہوگا۔ مبصرین کا خیال ہے کہ یہ ملاقات دنیا سے تخفیف اسلحہ اور جنگوں کو روکنے کی طرف پہلا قدم ثابت ہوسکتی ہے۔
آج دنیا بھر میں ایران اور یوکرین کی جنگوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ایٹمی بموں اور جدید اسلحوں کی تیاری میں نئی ٹیکنالوجی اور اے آئی سے بھرپور مدد لی جار ہی ہے۔ ان حالات میں دنیا کی آٹھ ارب کی آبادی کو کس طرح امن و خوشحالی کا پیکر بنایا جا سکتا ہے؟ یورپین مرکزیت کے تاریخ دان مشرق و مغرب کی اصطلاحات استعمال کر کے ہمیں ایک دوسرے کے مقابلے میں کھڑا کر دیتے ہیں۔ مغرب کی تہذیب و تمدن اور ٹیکنالوجی کے عروج اور مشرق کی اقتصادی بے حسی کو تاریخ سے جوڑتے ہیں۔ تمام ایجادات کو مغرب کی مرہون منت سمجھتے ہیں ۔دونوں ایک دوسرے کی تاریخ سے واقفیت کی بجائے اپنے زعم میں مبتلا ہیں اور ایسے ایسے مفروضے گھڑ لیتے ہیں جس سے یہ ثابت کرنیکی کوشش کرتے ہیں کہ مشرق و مغرب ملکر کبھی اس دنیا کو امن ، مساوات ، جمہوریت اور خوشحالی کا گہوارہ نہیں بننے دیں گے۔
دنیا میں امن قائم رکھنے کے خاکے ہمیں 272قبل مسیح ملنے شروع ہو جاتے ہیں جب اچانک کلنگہ (اوڑیسا کا پرانا نام )کی جنگ میں اس قدر لوگ مارے گئے کہ اشوکا کو خود جنگ سے نفرت ہوگئی ،جس کا اظہار وہ ایک خطبے میں اس طرح کرتے ہیں ’’جب بھی کسی ملک کو فتح کیا جاتا ہے تو اس کے نتیجے میں لاکھوں لوگ مارے جاتے ہیں۔۔۔اس کی وجہ سے میں رنجیدہ ہوں اور میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ دھرم پر عمل کروں اور لوگوں کو دھرم کی تعلیم دونگا۔ـ‘‘اس نے امن کا یہ پیغام شام، مصر اور یونان تک پھیلایا اور اپنی انہی پالیسیوں کی وجہ سے اشوکا نے ہندوستا ن کی سب سے وسیع سلطنت میں امن قائم رکھا۔اسی طرح پی ایرے ڈوبوا (Pierre Dubois) نے 1305ء میں ایک کتاب ’’ارض مقدس کی بازیابی‘‘میں پہلی دفعہ بین الاقوامی ثالثی اور ایک بین الاقوامی عدلیہ کے قیام کا اظہار کیا۔ 1665ء میں گرویٹیش نے اپنی مشہور کتاب 'جنگ اور امن کا قانون'لکھی اور اس کے پیروکاروں نے ایسے اصول وضع کیے کہ دنیا کے ممالک آپس میں امن کی بنیاد پر تعلقات قائم کر سکیں۔ولیم نے 1693ء میں پارلیمنٹ آف یورپ کا تصور پیش کیا اور جیریمی بینتھم(Jeremy Bentham) نے بین الاقوامی قانون کے حوالے سے عالمگیر امن کا تصور پیش کیا ۔ کانٹ نے 1795ء دائمی امن کیلئے چند تجاویز پیش کیں۔ روسو نے اٹھارویں صدی میں امن کے قیام کی خاطر یورپ کے ممالک کے وفاق کی تجویز رکھی۔یوں اپریل 1814میں یورپ کے امور کا تصفیہ کرنے کیلئے ویانا کنونشن کا قیام عمل میں آیا ۔اسی طرح 1899اور 1907کی ہیگ کانفرنسیں عالمی امن کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان کانفرنسوں میں بین الاقوامی اتحاد اور تعاون کیلئے ایسے اصول مرتب کیے گئے جن میں بین الاقوامی برادری کو یہ احساس دلایا گیا کہ امن کی خاطر تمام اقوام پر لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی ضابطوں کا احترام کریں۔انگلینڈ کے معروف شاعر ایلفریڈ ٹینی سن نے 1837میں پوری دنیا کو ایک فیڈریشن میں تبدیل کرنے کا تصور دیا اور ایسی پارلیمنٹ کوپارلیمنٹ آف مین قرار دیا۔اسی تصور سے متاثر ہو کر یورپین ممالک نے لڑائیوں کی لمبی تاریخ کے باوجود اپنی سرحدیں ہی ختم کر دیں۔پوری دنیا کو ایک فیڈریشن بنانے کا تصور اس سے پہلے چینی اور یونانی فلسفیوں کے ساتھ ساتھ کیتھولک چرچ نے بھی دیا تھا۔کنفیوشس کے شاگردوں سے بھی ایسے ہی تصور منسوب کیے جاتے ہیں جبکہ اٹلی کے مشہور فلسفی دانتے نے بھی ایسے تصورات کو آگے بڑھایا۔
امن و سلامتی برقرار رکھنے کیلئے یہ ساری کوششیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ آدمی فطرتاََ امن کا متلاشی ہے ۔ امن کے بین الاقوامی قیام کیلئے ضروری ہے کہ تمام قومیں نسلی، قومی، مذہبی اور دوسرے امتیازات کو مٹا دینے کا فیصلہ کریں ۔ آج اگر انسان اپنے دریافت کیے ہوئے خوفناک ہتھیاروں پر پابندی لگانے میں کامیاب نہ رہا تو نوع انسان صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔آج ایلفریڈ ٹینی سن کے پوری دنیا کو ایک فیڈریشن میں تبدیل کرنے کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کے دن آچکے ہیں ۔اس کے علاوہ جنگ دنیا میںغربت پھیلانے کا ایک بہت بڑا ذریعہ بھی ہے کیونکہ تیسری دنیا کے زیادہ تر ممالک ہتھیاروں کی خرید کیلئے قر ض لیتے ہیں جس سے انکے عوام پر شدید بوجھ پڑتا ہے۔اگر آج ہمیں اس دنیا کی تہذیب و تمدن کو برقرار رکھنا ہے تو ہمیں دنیا کی آبادی کم کرنے کے ساتھ ساتھ جنگی مشینری کا بھی خاتمہ کر نا ہوگا۔مورخ لکھتے ہیں کہ قدیم زمانے سے ہی ہر معاشرے میں جنگ لڑنے والوں کو عزت و احترام سے دیکھا جاتا تھا اور نوجوانوں میں اسکی تقلید کا جذبہ پیدا کیا جاتا تھا۔لیکن آج اکیسویں صدی میں دانشوروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ امن و بھائی چارے کے فروغ کیلئے بہادری کے تصور کو بدلیں اور ان لوگوں کو بہادر قرار دیں جنہوں نے علم و فن اور خیالات و افکار سے امن و آشتی کے پیام کو دوام بخشا۔اس سلسلے میں وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کا دورہ ہندوستان بھی بہت اہمیت کا حامل ہے جہاں انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں الزامات لگانے کی بجائے علاقائی مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دینی ہوگی اور یہ مسائل مل بیٹھ کر ہی حل کیے جا سکتے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ کئی سالوں میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگوں اور جھڑپو ں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور دونوں ممالک نے امریکہ ، یورپ ، روس اور چین سے اربوں ڈالرز کا اسلحہ خریدا۔ اگر یہی وسائل تعلیم، صحت ، صنعت ، سائنس اور عوامی فلاح پر خرچ کیے جاتے تو یہ خطہ آج اکیسویں صدی میں ترقی اور امن کی آماجگاہ بن گیا ہوتا۔ اسی طرح شینزنگ (Shenzhen)میں ہونے والی امریکہ ، روس اور چین کے سرابراہان کی تاریخی ملاقات عالمی امن کی طرف ایک پیش قدمی ثابت ہوسکتی ہے۔