• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک بھارت کے سفر پر گئے تو سفارتی پروٹوکول کے ساتھ تھے لیکن انہوں نے سرد مہری اور خاموشی کے پہاڑ پر کاری ضرب لگا دی۔ وہ تھے تو دلی کے مہمان لیکن کچھ اس طرح اپنی موجودگی درج کرائی کہ طویل عرصہ یاد رہے گی۔ڈاکٹر مصدق ملک نے جب بولنا شروع کیا تو انکے لہجے میں سفارتی اعلامیے کی خشکی کم اور تاریخ، ادب اور تہذیب کی خوشبو زیادہ محسوس ہوئی۔ یوں لگا جیسے کسی بابو کی لکھی ہوئی تقریر کے بجائے ایک صاحبِ مطالعہ انسان اپنے دل کی بات کرنے آیا ہو۔انہوں نے جس انداز میں وہاں کے میڈیا اور سوشل میڈیا کو ہینڈل کیا وہ دیکھنے کی چیز تھی۔’ڈیوٹی پر‘مامور بعض صحافیوں کے بیجا سوالات کو اس خوبصورتی سے انہی کی طرف اچھال دیا کہ متعصب میڈیا بھی تعریف کیے بنا نہ رہ سکا۔

21 نومبر 2026ء کو نئی دہلی کے تاریخی پرانا قلعہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے ابتدا ہی میں ایک ایسا جملہ کہا جس نے انکی پوری گفتگو کا مزاج متعین کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ غالب کی آخری آرام گاہ سے چند میل کے فاصلے پر بیٹھ کر انگریزی میں بات کرنا انہیں عجیب محسوس ہو رہا ہے، اس لیے وہ اپنی بات اردو میں کرنا چاہتے ہیں۔ یہ اس تہذیبی احساس کا اظہار تھا جس میں آدمی اپنے ماحول، اپنی تاریخ اور اپنے مخاطب سے فطری زبان میں رشتہ قائم کرتا ہے۔ غالب کی دہلی میں غالب کے حوالے سے اردو میں گفتگو کرنا گویا اس شہر کی ادبی روح کو مخاطب کرنا تھا۔ مصدق ملک نے غالب کا حوالہ دے کر یہ یاد دلایا کہ زبانیں اور تہذیبیں سیاسی سرحدوں کی محتاج نہیں ہوتیں۔

اس گفتگو میں خواجہ نظام الدین اولیاء کی نسبت بھی ایک گہرا روحانی حوالہ بن کر سامنے آئی۔ دہلی کی فضا میں غالب کی شاعری اور حضرت نظام الدین اولیاء کی خانقاہ کا ذکر محض تاریخی معلومات نہیں، بلکہ اس تہذیبی تسلسل کی یاد دہانی ہے جس نے اس خطے کو محبت، رواداری، معرفت اور انسانی احترام کا درس دیا۔ امیر خسرو کی شاعری، خواجہ صاحب کی خانقاہ، داتا گنج بخش کی تعلیمات اور برصغیر کے صوفیاء کی روایت ایک دوسرے سے جدا نہیں۔ ان کے درمیان زبان، عقیدت اور انسانی تعلق کا ایک ایسا رشتہ ہے جو سیاسی اختلافات سے بہت پہلے قائم ہوا تھا۔ دہلی، لاہور اور لکھنؤصرف جغرافیائی مقامات نہیں بلکہ شعر، ادب، تصوف اور تہذیبی ارتقا کے مشترکہ مراکز ہیں۔

انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان کی تہذیبی شناخت کسی ایک قوم، نسل یا زمانے کی پیداوار نہیں۔ موہنجو داڑو اور ہڑپہ سے لے کر وسطی ایشیا، ایران، افغانستان اور مشرق وسطیٰ تک مختلف تہذیبی دھاروں نے اس خطے کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔لیکن اس تقریر کا سب سے زیادہ اثر چھوڑنے والا حوالہ موہنجو دڑو کی دیواروں کا تھا۔ مصدق ملک نے کہا کہ ساڑھے چار ہزار سال تک جن دیواروں کو کوئی شکست نہ دے سکا، وہ صرف چار دن کی بارش کے نتیجے میں گر گئیں۔ یہ جملہ محض انسانیت کیلئے ایک انتباہ تھا۔ انہوں نے 2022ء کے پاکستان کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس آفت نے تقریباً سترہ سو جانیں لیں اور ملک کے ایک تہائی حصے کو زیر آب کر دیا، سندھ کا بڑا علاقہ اس کی زد میں آیا۔ موہنجو دڑو کی دیواریں، جو صدیوں کی بارشوں اور موسموں کے مقابل کھڑی رہیں، بدلتے ہوئے موسمیاتی حالات کے سامنے کمزور پڑ گئیں۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو تہذیبوں کا دشمن قرار دیا۔ ان کے الفاظ کا مفہوم یہ تھا کہ آج ہماری تہذیب کا سب سے بڑا دشمن کوئی دوسری تہذیب نہیں بلکہ موسمیاتی تبدیلی ہے، اور اس تباہی میں خود انسان کا کردار بھی شامل ہے۔مصدق ملک نے 2022ء کے سیلاب کا ایک انسانی پہلو بھی بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب لوگ بے گھر ہوئے تو انہوں نے جہاں جگہ ملی پناہ لی۔ مساجد، مندر، مزارات اور تعلیمی اداروں کے دروازے متاثرین کیلئے کھول دیے گئے۔ یہ وہ منظر تھا جہاں مذہب، زبان اور شناخت کے فرق پیچھے رہ گئے اور انسانیت سب سے بڑی شناخت بن کر سامنے آئی۔ انہوں نے اسے تہذیب کی اصل قوت قرار دیا۔ بلاشبہ تہذیب کی پہچان صرف اس کے محلات، قلعوں اور آثار قدیمہ سے نہیں ہوتی بلکہ اس کے لوگوں کے کردار، مصیبت میں ایک دوسرے کے کام آنے اور کمزور کو سہارا دینے سے ہوتی ہے۔انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سامنے تین تجاویز بھی رکھیں: رکن ممالک کے ثقافتی اداروں کا مشترکہ نیٹ ورک قائم کیا جائے، خطے کے تاریخی اور قدرتی ورثے کا ڈیجیٹل ذخیرہ بنایا جائے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے تاریخی مقامات کو بچانے کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ یہ تجاویز اس لیے اہم ہیں کہ موہنجو دڑو صرف پاکستان کی ملکیت نہیں بلکہ انسانی تاریخ کا مشترکہ اثاثہ ہے۔ اسی طرح دہلی کے تاریخی مقامات، سمرقند و بخارا کے آثار اور ایران و وسطی ایشیا کا تہذیبی ورثہ پوری انسانیت کی امانت ہیں۔مصدق ملک کا یہ دورہ مئی 2023ء میں بلاول بھٹو زرداری کے دورہ بھارت کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا پہلا دورہ تھا۔سرحدی کشیدگی ،کشمیر کا تنازع، سندھ طاس معاہدے پر اختلافات پاکستان خصوصاً بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے ماحول میں کسی بڑے بریک تھرو کی توقع تو نہیں تاہم دو حوالوں سے اسکی اہمیت بڑھی۔اول یہ کہ اس تنظیم کی صدارت پاکستان کو ملی اور اگلا سربراہی اجلاس پاکستان میں متوقع ہے۔ اور دوسرا یہ کہ نفرت، کشیدگی اور جنگی ماحول میں ادب، زبان، تہذیب کی بات اتنی شائستگی سے بیان کرنے والا شخص نظر آیا تو بے اختیار زبان پر آیا

ایسی چنگاری بھی یارب اپنی خاکستر میں تھی

تازہ ترین