• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ تقریباً بیس برس سے میرا ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان سے تعلق رہا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی میں بطور پروفیسر، پھر وائس چانسلر اور اب چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کی حیثیت سے میں نے اعلیٰ تعلیم کا ارتقا دیکھا اور اس میں حصہ لیا۔ سابق چیئرمینوں کے ساتھ کام کیا اور اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ سب نے اعلیٰ تعلیم کی بہتری کیلئے بھرپور کوشش کی۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ترقی کسی ایک فرد یا دور کی کامیابی نہیں بلکہ حکومتوں، اداروں اور اہلِ علم کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ حکومتی معاونت سے جامعات میں تجربہ گاہیں، تحقیقی مراکز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بنیادی ڈھانچا قائم ہوا۔ اساتذہ کی تربیت بڑھی، تحقیق بہتر ہوئی اور پاکستانی جامعات عالمی درجہ بندی میں جگہ بنانے لگیں۔ مقصد تھا کہ جامعات قومی ضروریات پوری کریں اور عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔ہر دور کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں۔ پاکستان اسٹڈی سینٹرز اور اسلامی و علاقائی مطالعات کے مراکز قائم ہوئے تاکہ قومی مسائل پر علمی رہنمائی ملے۔ بعد میں بائیو ٹیکنالوجی، میٹریل سائنس اور نفسیات کے مراکز بنے۔ قائداعظم یونیورسٹی ابتدا میں پوسٹ گریجویٹ تعلیم اور تحقیق پر مرکوز تھی۔ اسی بنیاد نے اسکی تحقیقی شناخت مستحکم کی۔ پھر 2017ءاور 2018ء میں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، سائبر سکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور بگ ڈیٹا کے قومی مراکز کے اقدامات ہوئے۔

آج دنیا کی تیز رفتار تبدیلی کے مرکز میں مصنوعی ذہانت (AI) ہے۔ تعلیم، طب، زراعت، صنعت، میڈیا اور انتظامیہ میں کام کے طریقے بدل رہے ہیں۔ صنعتوں میں خودکار نظام بہت سے کام سنبھال رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں AI ڈاکٹروں کی معاونت کر سکتی ہے۔ ویب پورٹل، ویڈیو اور سافٹ ویئر کے ابتدائی نمونے چند ہدایات سے بن سکتے ہیں، اگرچہ انہیں محفوظ، قابلِ اعتماد نظام بنانے کے لیے ماہرین ضروری ہیں۔میں نے تجربہ کیا کہ AI سے مختصر وقت میں ویب پورٹل کا ابتدائی نمونہ اور ویڈیو تیار کروائی جا سکتی ہے۔ یہ انسانی کام کی بدلتی نوعیت کی مثال ہے۔ بعض روایتی ملازمتیں متاثر ہو رہی ہیں، مگر نئے پیشے اور کاروباری مواقع سامنے آ رہے ہیں۔ جو شخص جدید ٹیکنالوجی کو اپنا معاون بنائے گا، وہ زیادہ مؤثر ہوگا۔جو اس سے دور رہے گا، اس کے لیے مقابلہ مشکل ہو جائے گا۔یہی وجہ ہے کہ میں کہتا ہوں: AI for All, AI in All۔ مصنوعی ذہانت کا بنیادی علم ہر طالب علم اور اسکا عملی استعمال ہر شعبے میں ہونا چاہیے۔ اسی مقصد سے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 2026میں تمام شعبوں کیلئے تین کریڈٹ آور کا لازمی AI کورس متعارف کرایا۔ مقصد محض مضمون پڑھانا نہیں بلکہ ہر طالب علم اور پیشہ ور فرد کو یہ سکھانا ہے کہ وہ اپنے کام میں AI کو مؤثر معاون کیسے بنائے۔اساتذہ AI سے لیکچر اور تدریسی مواد بہتر بنا سکتے ہیں، جبکہ طلبہ مشکل تصورات سمجھ سکتے ہیں۔ تحقیق میں امکانات مزید وسیع ہیں۔ میں اسے AI for Science and Science for AI کہتا ہوں: سائنس AI کو ترقی دیتی ہے اور AI سائنسی دریافتوں کو تیز کرتی ہے۔ کمپیوٹر سائنس کے طلبہ، طبی ماہرین اور زرعی سائنس دان مل کر مخصوص مسائل کے لیے نئے ماڈل بنا سکتے ہیں۔ تاہم نتائج کی جانچ، انسانی نگرانی اور ڈیٹا کا تحفظ لازم ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے صرف نصاب اور ہدایات پر اکتفا نہیں کیا۔ اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ڈیٹا سینٹرز جامعات کو کلاؤڈ، ڈیٹا اسٹوریج اور ڈیجیٹل خدمات دیتے ہیں۔ لاہور میں H100گرافکس پروسیسنگ یونٹس پر مشتمل ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ کی سہولت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جس کا مقصد AI ماڈلز اور تحقیق کیلئے کمپیوٹنگ صلاحیت بڑھانا ہے۔ دیگر قومی مراکز نے بھی مہارتیں پیدا کی ہیں۔ وزیراعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم نوجوانوں کو ڈیجیٹل وسائل دینے کی اہم کوشش ہے۔لیکن کمپیوٹرز اور ڈیٹا سینٹرز قائم کرنا ہی کامیابی نہیں؛ اصل پیمانہ ان کا مؤثر استعمال ہے۔ جامعات کو سہولتوں سے فائدہ اٹھانا، اداروں کو ڈیجیٹل بنانا اور اساتذہ کی تربیت کو ترجیح دینا ہوگی۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے علاقائی مراکز اور جامعات میں AI کی تربیت دی جا رہی ہے۔ اساتذہ اس سے فائدہ اٹھائیں اور طلبہ کو عملی مہارت سکھائیں۔

مجھے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت پر ہمیشہ فخر رہا ہے، لیکن عالمی سطح پر AI کے تیز رفتار استعمال کے مقابلے میں ہمارے اداروں اور افراد کی تیاری ناکافی نظر آتی ہے۔ یہی میری تشویش ہے۔ ہمیں رفتار بڑھانا ہوگی، کیونکہ دنیا ہمارا انتظار نہیں کرے گی۔ صنعت، صحت، زراعت، خدمات اور سرکاری اداروں کو بھی سوچنا ہوگا کہ وہ AI سے کارکردگی، شفافیت اور معیار کیسے بہتر بنا سکتے ہیں۔ ہر فرد پروگرامر نہ سہی، اپنے شعبے میں AI کا استعمال ضرور سیکھے۔اس تبدیلی میں پاکستان کے لیے امید کا ایک بڑا پیغام بھی ہے۔ مصنوعی ذہانت نے ہر شعبے میں نئی خدمات اور کاروبار کے امکانات پیدا کیے ہیں۔ ہمارے نوجوان اور دوسرے باصلاحیت افراد محض ملازمت کے منتظر نہ رہیں۔ وہ اپنی مہارت سے تعلیمی خدمات، زرعی حل، صحت کے معاون ڈیجیٹل آلات یا مقامی صنعتوں کیلئے نئی ایپلی کیشنز تیار کرکے خود کاروباری بن سکتے ہیں اور دوسروں کے لیے روزگار پیدا کر سکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے جسے صلاحیت عطا کی ہے، اس کیلئے اپنے ملک میں بھی امکانات کا وسیع میدان موجود ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان اپنی مہارت بڑھائیں، دستیاب سہولتیں استعمال کریں اور مسائل کے عملی حل کو کاروباری مواقع میں بدلیں۔

میرا طلبہ، اساتذہ اور جامعات کی قیادت کیلئے پیغام واضح ہے:حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے دہائیوں کی محنت سے جو علمی اور ڈیجیٹل بنیاد فراہم کی ہے، اس سے فائدہ اٹھائیے، نئی مہارتیں سیکھئے اور نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی منڈی کیلئے تیار کیجیے۔ مستقبل صرف معلومات رکھنے والوں کا نہیں بلکہ علم کو عملی مہارت میں بدلنے والوں کا ہوگا۔ ہمارے نوجوان ملازمت حاصل کرنے کے ساتھ خود نئے کاروبار اور مواقع بھی پیدا کر سکتے ہیں۔ یہی اعلیٰ تعلیم کا مقصد اور پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے۔

تازہ ترین