• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ کالم میں ہم نے اس بات کا جائزہ لیا تھا کہ قومی بحرانوں کی نوعیت کس طرح تبدیل ہو رہی ہے۔ اب اصل سوال یہ ہے کہ پاکستان ایسے بحرانوں کے لیے تیاری کیسے کرے اور جب مختلف نوعیت کے خطرات ایک دوسرے سے جڑنے لگیں تو ریاست کا ردِعمل کیا ہونا چاہئے؟اس کا جواب کسی نئے ادارے، نئی حکمتِ عملی یا بیوروکریسی کی ایک اور تہہ بنانے میں نہیں۔ پاکستان کے پاس پہلے ہی آفات سے نمٹنے اور ہنگامی حالات میں ردِعمل کے لیے ایک وسیع ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود ہے۔ اصل چیلنج یہ ہے کہ ان صلاحیتوں کو مربوط کیا جائے، دباؤ کی صورتحال میں ان کی آزمائش کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بڑے بحران کے دوران ریاستی نظام بدستور کام کرتا رہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA)، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کے فریم ورک کے تحت، آفات کے خطرات میں کمی، پیشگی تیاری، ابتدائی انتباہ، ہنگامی ردِعمل، بحالی اور تعمیرِ نو کا واضح مینڈیٹ رکھتی ہے۔ اس کا نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس پلان 2026قدرتی، موسمیاتی، تکنیکی، حیاتیاتی، کیمیائی اور انسانی عوامل سے پیدا ہونے والے خطرات کا احاطہ کرتا ہے۔ اس میں غذائی تحفظ، صحت کی ہنگامی صورتحال، لاجسٹکس، سپلائی چین، اہم بنیادی ڈھانچے، ڈیزاسٹر فنانسنگ اور عوامی رابطے جیسے شعبے بھی شامل ہیں۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر اور صوبائی و ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز بھی اسی نظام کا حصہ ہیں۔لہٰذا سوال یہ نہیں کہ پاکستان کے پاس منصوبہ موجود ہے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ اگر ایک ہی وقت میں کئی نظام متاثر ہو جائیں تو یہ منصوبہ کتنی مؤثر طریقے سے کام کرے گا؟روایتی سیلاب یا زلزلہ عموماً ایک واضح ہنگامی صورتحال پیدا کرتا ہے۔ متعلقہ ادارے اپنے کردار سے واقف ہوتے ہیں اور ردِعمل کا نظام فعال کیا جا سکتا ہے۔ لیکن ایک ہائبرڈ بحران اس سے بالکل مختلف ہو سکتا ہے۔تصور کیجیے کہ کسی بین الاقوامی تنازع کے باعث ایندھن کی فراہمی متاثر ہو جائے اور اسی دوران ایک سائبر حملہ بجلی کی تقسیم اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مفلوج کر دے۔ ٹیلی کمیونیکیشن متاثر ہونے لگے اور سوشل میڈیا پر گمراہ کن اطلاعات پھیلنے لگیں۔ ایسی صورتحال کسی ایک وزارت کے بس کی بات نہیں ہوگی۔توانائی کے اداروں کو ایندھن اور بجلی کی فراہمی برقرار رکھنا ہوگی، مالیاتی ریگولیٹرز کو ادائیگیوں کا نظام چلانا ہوگا، صحت کے اداروں کو اسپتالوں اور ضروری ادویات کا تحفظ کرنا ہوگا، جبکہ سیکورٹی اداروں کو سائبر اور اطلاعاتی خطرات سے نمٹنا ہوگا۔ صوبائی حکومتوں کو مقامی خدمات جاری رکھنا ہوں گی اور NDMA کو وسیع تر ہنگامی صورتحال میں رابطہ کاری کا کردار ادا کرنا ہوگا۔یہیں ’’کیسے‘‘ یعنی How factor فیصلہ کن اہمیت اختیار کر لیتا ہے۔ پاکستان کو ایسے نظام کی طرف بڑھنا ہوگا جس میں ادارے صرف اپنی اپنی حدود میں تیاری نہ کریں بلکہ کسی بحران کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی عملی صلاحیت بھی رکھتے ہوں۔

اس کے لیے پہلی ضرورت خطرات کی ایک مشترکہ قومی تصویر ہے۔ NDMA کے موجودہ مانیٹرنگ اور پیشگی انتباہ کے نظام کو وزارتِ خزانہ، اسٹیٹ بینک، توانائی کے اداروں، غذائی تحفظ، صحت اور سائبر سیکیورٹی کے متعلقہ اداروں کی معلومات سے مربوط کیا جانا چاہیے۔ مقصد ایک نیا ڈیش بورڈ یا مرکزی بیوروکریسی بنانا نہیں، بلکہ فیصلہ سازوں کو یہ سمجھنے کے قابل بنانا ہے کہ ایک شعبے میں پیدا ہونیوالی خرابی دوسرے شعبوں میں کس طرح بحران پیدا کر سکتی ہے۔ مثلاً عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ صرف معاشی مسئلہ نہیں۔ اس کے اثرات ٹرانسپورٹ، بجلی کی پیداوار، اشیائے خورونوش کی قیمتوں، مہنگائی اور زرمبادلہ تک پہنچ سکتے ہیں۔ اسی طرح کسی بڑے بینک پر سائبر حملہ عوامی اعتماد کے بحران میں تبدیل ہو سکتا ہے۔دوسری ضرورت ضروری اشیا اور اسٹرٹیجک سپلائی کا تسلسل ہے۔ پاکستان کو ایندھن، ایل این جی، کھاد، غذائی اجناس، ادویات اور فارماسیوٹیکل خام مال کے حوالے سے اپنے بیرونی انحصار کا باقاعدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔ مکمل خودکفالت نہ عملی ہے اور نہ معاشی طور پر قابلِ برداشت، لیکن سپلائرز میں تنوع، مناسب ذخائر، متبادل درآمدی انتظامات اور مقامی پیداوار میں اضافے کے ذریعے خطرات کم کیے جا سکتے ہیں۔ توانائی کے شعبے میں یہ ضرورت مزید اہم ہے، کیونکہ درآمدی ایندھن یا گیس کی فراہمی میں خلل بہت جلد معاشی اور سماجی بحران بن سکتا ہے۔تیسری ضرورت اہم بنیادی ڈھانچے کا تسلسل ہے۔ بجلی، گیس، پانی، بندرگاہیں، ہوائی اڈے، ٹیلی کمیونیکیشن، بینکاری اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام قومی فعالیت کے بنیادی اجزا ہیں۔ ہر اہم ادارے کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اگر اس کا بنیادی نظام 24گھنٹے، 72 گھنٹے یا کئی ہفتوں کیلئے ناکام ہو جائے تو کیا ہوگا۔

اس کے پاس محفوظ بیک اَپ، متبادل مواصلاتی ذرائع، ہنگامی بجلی، تربیت یافتہ ٹیمیں اور انتظامی تسلسل برقرار رکھنے کے آزمودہ انتظامات ہونے چاہئیں۔ یہاں اہم بات یہ ہے کہ منصوبے صرف فائلوں میں موجود نہ ہوں بلکہ عملی طور پر آزمائے بھی گئے ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کو مختلف شعبوں کو شامل کرتے ہوئے باقاعدگی سے قومی سطح کی مشقیں کرنی چاہئیں۔ ان میں ایندھن کی درآمد میں طویل رکاوٹ، سائبر حملے کے نتیجے میں بجلی اور بینکاری کے نظام میں خلل، بحری تجارت کا تعطل اور صحت کی ہنگامی صورتحال کے ساتھ توانائی کے بحران جیسے منظرنامے شامل ہو سکتے ہیں۔معاشی اور مالیاتی استحکام کو بھی اسی سنجیدگی سے دیکھنا ہوگا۔ وزارتِ خزانہ، اسٹیٹ بینک اور متعلقہ ریگولیٹرز کو تجارت، ترسیلاتِ زر، زرمبادلہ، اجناس کی قیمتوں اور ادائیگیوں کے نظام پر بیرونی جھٹکوں کے ممکنہ اثرات کا باقاعدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔ مقصد اگلے بحران کی درست پیش گوئی نہیں بلکہ ملک کی کمزوریوں اور کسی بڑے جھٹکے کو برداشت کرنے کی گنجائش کا تعین کرنا ہے۔ اس مقصد کیلئے کسی نئے ادارے کے بغیر ایک عملی 90روزہ پروگرام شروع کیا جا سکتا ہے۔ پہلے 30دنوں میں وفاقی وزارتیں، ریگولیٹرز، صوبائی ادارے اور اہم سروس فراہم کرنیوالے اپنے بنیادی کام، انحصارات اور کمزوریوں کی نشاندہی کریں۔ اگلے 30دنوں میں مشترکہ عملی مشقیں منعقد کی جائیں۔ آخری 30دنوں میں ہر ادارہ ایک واضح اصلاحی منصوبہ پیش کرے جس میں اقدامات، ذمہ دار افراد، لاگت اور تکمیل کی مدت متعین ہو۔وزیراعظم کا دفتر موجودہ رابطہ کاری اور کارکردگی کی نگرانی کے نظام کے ذریعے اس عمل کی نگرانی کر سکتا ہے۔ NDMA کو آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ہنگامی ردِعمل میں اپنا قائدانہ کردار برقرار رکھنا چاہیے، جبکہ متعلقہ وزارتیں، ریگولیٹرز اور ادارے اپنے اپنے شعبوں کے ذمہ دار رہیں۔ مقصد اداروں میں اضافہ نہیں بلکہ ان کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور ہم آہنگی ہونا چاہئے۔

تازہ ترین