• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبلیغی جماعت کے امیر،استاذ الحدیث،استاذ العلماءوالصلحاء،امام التصوف حضرت مولانا نذر الرحمٰن صاحب رحمہ اللہ اس دارِ فانی سے دارِ آخرت کی طرف کوچ فرما گئے۔آپ خواجہ خواجگاں حضرت خواجہ خان محمد صاحب رحمہ اللہ کے خلیفۂ مُجاز تھے۔حضرت مولانا نذرالرحمان صاحب رحمہ اللہ ایک صدی سے زائد کی بابرکت و باسعادت عمر گزار کر 101سال کی عمر میں اللہ تعالیٰ کو پیارے ہوئے۔آپ نومبر 2018ء میں تبلیغی جماعت پاکستان کے امیر مقرر ہوئے۔آپ نے یہ ذمہ داری حاجی عبدالوہاب کے انتقال کے بعد سنبھالی تھی۔آپ 1970ء سے مستقل طور پر رائیونڈ مرکز میں مقیم رہے۔آپ ہزاروں لوگوں کی ہدایت کا ذریعہ بنے۔دعاء کرتے ہیں کہ اللہ تبارک وتعالی تبلیغی جماعت کے امیر حضرت مولانا نذر الرحمٰن مرحوم کی کامل مغفرت فرمائیں۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائیں۔آپ کے اہلِ خانہ اور دیگر تمام پس ماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔مرحوم کیلئے ایصالِ ثواب کرتے ہیں۔اگر ہم مولانا نذر الرحمن صاحب کی ابتدائی زندگی پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے وہ اپنے گاؤں کی ایک مسجد میں امام تھے، لوگوں کو نماز پڑھاتے، دینی تعلیم دیتے اور دعوت و تبلیغ کے کام میں مصروف رہتے تھے لیکن شاید قدرت نے ان سے اس سے کہیں بڑا کام لینا تھا۔ ایک مقامی مسجد سے شروع ہونے والا ان کا سفر رائیونڈ کے عالمی تبلیغی مرکز کی امارت تک پہنچا۔ پھر وہ ایسا وقت بھی دیکھنے لگے کہ دنیا بھر کے بااثر مسلمانوں کی فہرست میں ان کا نام مسلسل جگہ پانے لگا۔ 2019 سے 2026 تک آٹھ برس وہ دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں میں شامل رہے جبکہ 2020 سے 2026 تک مسلسل دنیا کے 50سب سے زیادہ با اثر مسلمانوں میں شامل رہے۔مولانا نذرالرحمان 1926ءمیں ضلع راولپنڈی کے گاؤں بلالوال میں پیدا ہوئے۔ مولانا نذرالرحمان نے ابتدائی دینی تعلیم مولانا عبدالخالق سے حاصل کی۔ بعد ازاں مفتی عبدالحئی قریشی اور دارالعلوم ربانیہ میں تعلیم حاصل کی جبکہ مولانا فریدالدین قریشی سے بھی دینی علوم کی کتابیں پڑھیں۔ 1949ءاور 1950ءکے دوران انہوں نے مدرسہ خادم علوم نبوت، کٹھیالہ شیخاں، ضلع گجرات میں دورۂ حدیث مکمل کیا۔ اس دوران ان کے استاد شیخ الحدیث مولانا سلطان محمود تھے۔دینی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ اپنے آبائی گاؤں بلالوال واپس آئے اور وہاں کی مقامی مسجد میں امامت کی ذمہ داری سنبھال لی۔ 1950ءسے 1955ءتک وہ اسی مسجد میں امام رہے۔ اس کے بعد بوی گڑھ، ٹیکسلا اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں امامت اور دینی خدمات انجام دیں۔ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک حسو میں ڈی ایم ٹیکسٹائل ملز کی مسجد سے بھی وابستہ رہے۔ بعد ازاں زکریا مسجد راولپنڈی میں تقریباً دس برس تک تدریس اور دعوت و تبلیغ کے کام میں مصروف رہے۔یہ وہ زمانہ تھا جب مولانا نذرالرحمان کی زندگی میں دعوت و تبلیغ کا کام مرکزی حیثیت اختیار کرتا چلا گیا۔ ان کا شمار پاکستان میں تبلیغی جماعت کے ابتدائی کارکنوں میں کیا جاتا ہے۔ بعض روایات کے مطابق وہ پاکستان میں جماعت کے ابتدائی بیس کارکنوں میں شامل تھے۔ انہوں نے مختلف علاقوں میں دعوتی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور وقت کے ساتھ جماعت کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہونے لگے۔ ان کی وابستگی رائیونڈ مرکز سے مضبوط ہوتی گئی جہاں انہیں جماعت کی اہم ذمہ داریاں سونپی گئیں اور بعد میں وہ نائب امیر بھی بنے۔مولانا نذرالرحمان کی زندگی کا اہم موڑ نومبر 2018 میں آیا جب پاکستان میں تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر حاجی محمد عبدالوہاب کا انتقال ہوا۔ حاجی عبدالوہاب جماعت کے انتہائی اہم اور بااثر رہنما تھے۔ انکے انتقال کے بعد جماعت کی قیادت کیلئے مشاورت ہوئی۔ دستیاب معلومات اور ’دی مسلم 500‘ کے تعارف کے مطابق حاجی عبدالوہاب نے اپنی زندگی میں جانشینی کے لیے تین نام تجویز کیے تھے جن میں مولانا نذر الرحمان، مولانا احمد بٹلہ اور مولانا عبیداللہ خورشید شامل تھے۔حاجی عبدالوہاب کے انتقال کے بعد جماعت کے اکابرین نے مشاورت کی اور مولانا نذرالرحمان کو پاکستان کی تبلیغی جماعت کا نیا امیر مقرر کر دیا گیا۔ اس طرح وہ جماعت کے چوتھے امیر بنے۔ حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ مولانا نذرالرحمان نے پڑھائی تھی۔ان کی عالمی شناخت کا ایک اہم حوالہ ’دی مسلم 500‘ کی فہرست ہے جسے اردن کے رائل اسلامک اسٹرٹیجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے مرتب کیا جاتا ہے۔ اس فہرست میں دنیا بھر کے بااثر مسلمانوں، مذہبی رہنماؤں، علماء، سیاسی شخصیات اور مختلف شعبوں میں اثر و رسوخ رکھنے والے افراد کو شامل کیا جاتا ہے۔ مولانا نذرالرحمان کا نام 2019 سے 2026 تک مسلسل آٹھ ایڈیشنز میں شامل رہا۔ اس عرصے میں وہ ہر مرتبہ(سوائے 2019) دنیا کے 50 بااثر مسلمانوں کی فہرست میں بھی جگہ بناتے رہے۔ یہ کسی مقامی دینی رہنما کے لیے ایک غیر معمولی عالمی شناخت تھی کہ وہ مسلسل آٹھ برس اس فہرست میں برقرار رہے۔ آپ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے ۔بیماری بڑھتی گئی جوں جوں علاج کیا بالآخر 16نومبر،بروز پیر،صبح کے وقت وفات گئے ۔آپ کی وفات حسرت آیات پر صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان سمیت تمام بڑی شخصیات نے گہرے دکھ اور دل افسوس کا اظہار کیا۔آپ کی نماز جنازہ رائیونڈ مرکز میں اداکی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

اپنے اکابر بزرگوں کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔اولیاء اللہ کے چلے جانے سے ایک ایسا خلا پیدا ہوتا ہے جس کی کمی ہر کس و ناکس محسوس کرتا ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ اس وقت شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب جیسے جو اہل علم و فضل اور اولیاء اللہ موجود ہیں ان سے ہم قومی ،ملکی اجتماعی اور انفرادی سطح پر بھر پور استفادہ کریں۔آج کے دور میں کرنے کا یہ ایک بہت بڑا کام ہے۔

تازہ ترین