• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ الطاف حسین کیخلاف کارروائی کرے، پیپلز پارٹی کوآرڈی نیشن کمیٹی سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کوآرڈی نیشن کمیٹی سندھ نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی ملک اور اداروں کے خلاف نفرت انگیزتقریر اور میڈیا ہاوسز پر حملوں کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنے شہری کی پاکستان اور اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کا نوٹس لے کر کاروائی کرے،پاکستان مخالف بیانات ملک اور عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کوآرڈی نیشن کمیٹی سندھ کے سربراہ نثار احمد کھوڑو اور دیگر اراکین مولا بخش چانڈیو، نفیسہ شاہ اور راشد ربانی نے منگل کو اپنے جاری کیے گئے ایک پالیسی بیان میں کیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کوآرڈی نیشن کمیٹی سندھ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک کیخلاف کسی بھی قسم کی پروپیگنڈا اور نفرت انگیز تقاریر کو کسی صورت برداشت نہیں کریگی اور پیپلز پارٹی کا ہر ایک کارکن ملک کی حفاظت کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادار کرے گا۔ کو آرڈینیشن کمیٹی سندھ نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف بیانات ملک اور صوبے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشیں ہیںاور پیپلز پارٹی ملک کی بقا اورسالمیت کے لیے ہر میدان میںآگے آگے ہوگی اور ملک ،صوبے کے خلاف ہر قسم کی سازشوں کا جم کر مقابلہ کی جائیگا۔پاکستان پیپلز پارٹی کوآرڈی نیشن کمیٹی سندھ نے کہا ہے کہ امن وامان پر کسی بھی صورت میں کوئی مصلحت نہیں کی جائیگی اس لیے امن وامان میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف بلا تفریق کاروائی ہونی چایئے اور وہ کارروائی صرف زبان کی بنیاد پر نہیں ہونی چائیے ۔ پی پی پی کوآرڈی نیشن کمیٹی سندھ نے مزید کہا ہے کہ اردو بولنے والے ملک اورصوبے کا حصہ ہیں اور اردو بولنے والوں کی ملک کے لیے بھی قربانیاں ہیں اور الطاف حسین کی تقریر سے اردو بولنے والوں کی دل آزاری ہوئی ہے اس لیے الطاف حسین کی نفرت انگیز تقاریر کو تمام اردو بولنے والوں کی رائے نہیں سمجھا جائے۔ پی پی پی کوآرڈی نیشن کمیٹی سندھ نے کہاہے کہ میڈیاہائوسز پر حملے اظہار کی آزادی پر حملہ ہیں اس لیے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت میڈیا ہائوسز کی سیکورٹی کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔
تازہ ترین