قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی ریفائنریز یورو فائیو فیول نہیں بناتیں تو پیٹرول پمپ کیوں لکھتے ہیں؟
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم ڈویژن کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سید مصطفیٰ محمود کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں مقامی ریفائنریز کے فیول کے معیار اور پیٹرولیم و گیس سے متعلق مجوزہ ترمیمی بلز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی مصطفیٰ محمود نے ایندھن کے معیار پر سخت سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ریفائنریز یورو فائیو (Euro-V) فیول تیار نہیں کر رہیں اور ملک میں صرف درآمدی پیٹرول اور ڈیزل ہی یورو فائیو معیار کا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ جب مقامی ریفائنریز یہ فیول بناتی ہی نہیں تو پیٹرول پمپس پر یورو فائیو کیوں لکھا جاتا ہے؟
اس پر ایم ڈی پی ایس او نے مؤقف اختیار کیا کہ مقامی ریفائنریز فیول کو یورو فائیو معیار کا بنانے کے لیے اس میں اضافی کیمیکلز شامل کرتی ہیں۔ تاہم چیئرمین کمیٹی نے اس وضاحت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ اضافی کیمیکلز شامل کر کے عام فیول کو یورو فائیو قرار نہیں دے سکتے۔
اجلاس میں رکنِ کمیٹی سید نوید قمر کے اعتراض پر گیس ڈویلپمنٹ سرچارج ترمیمی بل 2026 اور گیس انفرااسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ترمیمی بل 2026 پر بحث مؤخر اور ملتوی کر دی گئی۔
چیئرمین کمیٹی نے اس حوالے سے کہا کہ ان بلز پر ایک بڑی سیاسی جماعت کو اعتراض ہے، اس لیے فی الحال ان پر بحث نہیں کی جا رہی۔
اجلاس میں پیش کیے گئے مجوزہ بل کے مطابق ریفائنریز اپنی مصنوعات کے گیٹ سے باہر نکلنے سے قبل پیٹرولیم لیوی جمع کروانے کی پابند ہوں گی، جبکہ ریفائنریز کی جانب سے پیٹرولیم اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی تاخیر سے جمع کروانے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اس تجویز پر رکنِ کمیٹی نوید قمر نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعات کے گیٹ سے نکلنے سے قبل لیوی کی وصولی سے ریفائنریز پر مالی بوجھ پڑے گا اور وہ اس عمل کو خوشی سے قبول نہیں کریں گی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اس فیصلے سے قبل ریفائنریز سے مشاورت نہیں کرنی چاہیے؟
دوسری جانب وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ریفائنریز کو لیوی کی رقم بروقت جمع کروانی چاہیے، اس نئے طریقہ کار سے حکومتی رقم ریفائنریز کے پاس غیر ضروری طور پر جمع نہیں ہو سکے گی۔