• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت برطانیہ سے الطاف حسین کیخلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کرے، عمران خان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہےکہ دنیا پاناما لیکس بھول سکتی ہے عمران خان نہیں بھولنے دے گا، خیبر پختونخوا حکومت اسمبلی میں پہلے قرار داد لائے گی پھر وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔ الطاف حسین نے پاکستان کے خلاف جو زبان استعمال کی وہ کبھی مودی نے بھی نہیں کی۔ کراچی کی تباہی کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے۔ حکومت برطانوی حکومت کو الطاف حسین کیخلاف لکھے کہ ایک برطانوی شہری کیسے لندن میں بیٹھ کر پاکستان میں اشتعال انگیز اور بدامنی پھیلا رہا ہے۔ بنی گالہ اسلام آباد میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین گزشتہ روز بیان دے کر معافی مانگی ہے، اگر تو انہوں نے پہلی بار یہ باتیں کی ہوتیں تو معافی کا جواز بھی تھا۔ الطاف حسین نے پاکستان کے خلاف جو زبان استعمال کی اس کا اردو بولنے والے لوگوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ، اردو بولنے والے بہت پیارے لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ایم کیو ایم خود کو الطاف حسین اور عسکری ونگ سے علیحدگی اختیار کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے اجلاس میں دوسرا فیصلہ یہ ہوا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی سے پانامہ لیکس کے خلاف قرارداد منظور کرائیں گے پھر وزیر اعظم کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔ 3 ستمبر کو پاکستان مارچ لاہور تک ہو گا ، جو لوگ کہتے تھے کہ ہمارے جلوسوں میں لوگ نہیں آرہے تو وہ دیکھیں گے کہ لاہور میں ہمارے مارچ میں کیسے لوگ نکلتے ہیں۔ 3 ستمبر کو فیصلہ کریں گے کہ آگے کیا کرنا ہے ، رائیونڈ آخری مقام ہو گا۔
تازہ ترین