لاہور،لالہ موسیٰ،سرائے عالمگیر(نمائندہ خصو صی ، نامہ نگاران) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ 6لین کی سیالکوٹ- لاہور موٹروے کی تعمیر کا منصوبہ میری حکومت نے 2006ء میں بنایا تھا اور یہ 23ارب روپے کی لاگت سے 2010ء میں مکمل ہو جاتا لیکن نوازشریف اور شہبازشریف نے ہمارا منصوبہ روک دیا، اب اس میں سے گجرات کو نکال کر ہمارے مقابلہ میں تقریباً دوگنا خرچے یعنی 43ارب 85کروڑ روپے سے مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے گجرات میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ موجودہ حکمران ہمارے دور کے منصوبوں کو پہلے بند کرتے ہیں اور پھر ان میں کانٹ چھانٹ کے بعد اپنے نام کی تختی لگانے کیلئے کہیں زیادہ لاگت سے دوبارہ شروع کر دیتے ہیں، سیالکوٹ- لاہور موٹروے کی تعمیر کے منصوبہ 2007ء میں باقاعدہ افتتاح کے بعد کام کا آغاز ہوا، یہ موٹروے سیالکوٹ- وزیرآباد روڈ پر سمبڑیال سے شروع ہو کر سیدھی لاہور جاتی اور دریائے چناب پر شہبازپور کے قریب پل کے ذریعے اسے گجرات سے ملا دیا جاتا، منصوبہ میں چین کے تعاون سے اس پر تین انڈسٹریل زون اور سویڈن اور آسٹریا کے تعاون سے 2انٹرنیشنل ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کا قیام بھی شامل تھا، مگر فنڈز کی عدم دستیابی کا بہانہ بنا کر موٹروے کا ہمارا منصوبہ بند کرنے سے دونوں یونیورسٹیاں بھارت منتقل ہو گئیں جبکہ 60ہزار افراد نئے روزگار سے محروم رہے، این ایچ اے نے اسے ایم۔II کا نام دیا تھا جبکہ اسے لاہور- سیالکوٹ موٹروے کے علاوہ شاہراہ صنعت (انڈسٹریل ہائی وے) بھی کہا جاتا تھا، منصوبہ میں 8فلائی اوورز، 40پلوں اور 70انڈرپاسز کی تعمیر بھی شامل تھی اور اس سے سیالکوٹ، گجرات کے علاوہ شیخوپورہ، ڈسکہ، نارووال، پسرور، ظفروال، چونڈہ، وزیرآباد بھی براہ راست نیشنل موٹروے گرڈ میں شامل ہو جاتے، اس پر سات انٹر چینج بنائے جانے تھے، اس موٹروے کی تکمیل سے لاہور سیالکوٹ کا درمیانی فاصلہ صرف 45 منٹ کا رہ جاتا لیکن گجرات دشمنی میں موجودہ حکمرانوں نے سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور گوجرانوالہ کے اضلاع کے عوام کو بھی اتنے سال تک اس سہولت سے محروم رکھا اور اس علاقہ کے علاوہ صوبائی اور قومی معیشت کو نقصان پہنچایا۔ چودھری پرویزالٰہی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اپریل 2007ء کے اخبارات کے تراشے بھی دکھائے جن میں سیالکوٹ- لاہور موٹروے کی افتتاحی تقریب کی خبریں شامل تھیں۔ جبکہ نواحی گاؤں کلیوال سیداں میں سابق ایم این اے سید منظور حسین شاہ آف کلیوال سیداں کے چھوٹے بھائی سابق نائب ناظم ضلع گجرات سیدنورالحسن شاہ کی وفات پراظہارتعزیت کے بعدمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں اب وہ زیادہ دیر تک عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے، مزیدبرآں انھوں نے سرا ئے عالمگیر میں چوہدری محمد الیاس سابق صدر پی ٹی آئی ضلع گجرات کے چچا، سابق ممبر ضلع کو نسل چوہدری سجاد احمد کے والد بزرگ سیاسی لیڈر چو ہدری امتیاز احمد کی وفات پر بھی اظہار تعزیت کیا۔