ٹھٹھہ (نامہ نگار) مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق، 10 زخمی، تفصیلات کے مطابق گجو کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے کے باعث کے ڈی اے نہر میں گرنے سے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد 28 سالہ لیاقت اور 26 سالہ شاہد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ تیسرے موٹر سائیکل سوار اعجاز نے موٹر سائیکل سے کود کر جان بچائی، بعد ازاں مقامی غوطہ خوروں نے ڈوبنے والوں کی لاشوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، مرنے والوں کا تعلق لاہور سے بتایا جاتا ہے جوکہ ایک مقامی فارم پر مزدوری کر تے تھے۔ دوسری جانب گجو کے قریب قومی شاہراہ پر ٹھٹھہ سے کراچی مرغیاں لیجانے والے ٹرک الٹنے کے نتیجے میں اس میں سوار ایک شخص دانش آرائیں موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دیگر 6 افراد رحمٰن، عارف، حسن، علی محمد، زاہد اور عامر زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء اونگر کے قریب ٹھٹھہ حیدرآباد قومی شاہراہ پر ایک تیز رفتار پک اپ ٹائر برسٹ ہو جانے کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں پک اپ میں سوار حسن ملاح موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ چار افراد اللہ ڈنو شاہ، بچل شاہ، قادر شاہ اور کریم بخش چانگ شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو علاج کے لیے حیدرآباد منتقل کیا گیا، تمام متاثرہ افراد کا تعلق ٹھٹھہ کے علاقے سانپہ موری سے بتایا جاتا ہے۔