پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار الطاف حسین سے ملے ہوئے بھی ہیں اور ان سے ڈرے ہوئے بھی ہیں۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں آفاق احمد کا ایک بیان بھی سنوایا گیا جس میں عظیم احمد طارق کے قتل کے حوالے سے آفاق احمد کا بالواسطہ الزام موجود تھا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ اس الزام کے حوالے سے آفاق احمد کی ہر طرح سے تشفی کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کو ایم کیو ایم کے را سے رابطوں کا بھی علم ہے،الطاف حسین اپنی فطرت تبدیل نہیں کر سکتے، وہ اپنے سوا کسی کو بھی ایم کیو ایم کی قیادت نہیں سونپ سکتے۔
اس سے قبل پی ایس پی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ لوگوں نے ایم کیوایم کومینڈیٹ دیا، انہوں نے اسے بیچ دیا، کراچی کے شہری آئندہ ایم کیو ایم کو ووٹ دینے کی غلطی نہیں دہرائیں گے۔
پی ایس پی کے زیر اہتمام شاہراہ فیصل سے کورنگی تک ریلی نکالی گئی۔کراچی کے علاقے کورنگی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم حقیقی سمیت مختلف جماعتوں کو پی ایس پی میں شمولیت کی دعوت بھی دے ڈالی، کہا کہ وہ ایم کیو ایم کی طرح عوامی حمایت کا فائدہ نہیں اُٹھائیں گے، عوام کو فائدہ پہنچائیں گے۔
کورنگی میں پاک سر زمیں پارٹی کی عوامی رابطہ مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا، مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کے عوام نے اس بار غلطی سے ایم کیو ایم کے مئیر کو ووٹ دیا ہے،دوبارہ ایسی غلطی نہیں کریں گے۔
انہوں نےشہر کے مختلف سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو پی ایس پی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ عوام کو فائدہ کیسے پہنچائیں، اس کے کردہ دھرتا ہمیشہ عوامی حمایت کو اپنے مفاد میں استعمال کرتے رہے۔