راولپنڈی (جنگ نیوز) قومی ٹی 20- کرکٹ کپ میں کراچی بلیوز کی ٹیم راولپنڈی کے ہاتھوں 22 رنز سے شکست کھاگئی۔ میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹ پر 144 رنز اسکور کیے، ناکام ٹیم کی بیٹنگ لائن ہدف عبور نہ کرسکی اور سات وکٹ پر 122 رنز اسکور کرسکی۔ قبل ازیں پشاور نے اسلام آباد کو36 رنز سے شکست دیدی ۔ پشاور نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، رفعت اللہ نے 66 رنز، صہیب مقصود نے 22 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے، اسلام آباد کی ٹیم یہ ہدف پورا نہ کر سکی اور 5 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز تک محدود رہی۔ صہیب مقصود کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔لاہور بلیوز کی فتوحات کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ لاہور نے فاٹا کو بھی چھ وکٹ سے روند دیا۔ ناکام ٹیم نے سات وکٹ پر 139 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا لاہور نے ہدف 19 ویں اوور میں پورا کرلیا۔