کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی خواتین کے پی ٹی والی بال چیمپئن شپ کراچی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ، ایونٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو بہترین سہولتیں فراہم کریں گے۔ یہ بات سندھ والی بال ایسو سی ایشن کے صدر شاہ نعیم ظفر نے کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس میں سندھ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دورے میں کہی۔ میڈیا کو آرڈینیٹر پر ویز احمد شیخ کے مطابق ٹرائلز میں 21کھلاڑی شریک ہیں۔ کیمپ کی نگرانی سندھ کے سیکریٹری شاہد مسعود کر رہے ہیں کوچنگ کی ذمہ داری نعمان الدین خان نبھا رہے ہیں جبکہ کراچی کی کوثر کامران، کوٹری حیدر آباد ڈویژن کی عائشہ ارم اور میر پور خاص ڈویژن کے شہباز باجوہ معاون کوچ ہیں۔ فائنل ٹیم کا اعلان کیمپ کمانڈنٹ اور سندھ والی بال ایسو ی ایشن کے صدر انجینئر شاہ نعیم ظفر ، سلیکشن کمیٹی کے ممبران مظہر الدین میمن، مسرور یار خان اور فرقان حسین کی مشاورت سے 30اگست کو کریں گے چیمپئن شپ یکم سے چارستمبر تک منعقد ہوگی جس کے لئے چاروں صوبوں ، اسلام آباد ، آزاد کشمیر اور مختلف ڈپارٹمنٹس کی ٹیموں نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔