لاہور(امتیاز راشدسے) لاہور میں ایم کیو ایم کے پنجاب ہائوس نے متحدہ کے قائد الطاف حسین سے لاتعلقی کا اظہار کرکے ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق جوڑ لیا۔ پنجاب ہائوس کی تالا بندی ختم کرکے پنجاب ہائوس سے الطاف حسین کی تصاویر ہٹادی گئیں جبکہ ڈاکٹر فاروق ستار کو پنجاب ہائوس آنے کی دعوت بھی دے دی گئی ہے۔ الطاف حسین کی طرف سے ایک ہفتہ قبل پاکستان کے خلاف نعرے لگانے کے بعد کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ عمل میں آنے سے قبل ہی پنجاب ہائوس کو تالا لگادیا گیا تھا جبکہ وہاں علاقہ کی پولیس تعینات کردی گئی تھی۔ اب وہاں سے پولیس جاچکی ہے اور اب پنجاب ہائوس کا چارج ایم کیو ایم پنجاب کی17رکنی کمیٹی نے سنبھال لیا ہے ۔ آئندہ کا لائحہ عمل بنانے کے لئے17رکنی رابطہ کمیٹی کا آج پنجاب ہائوس میں ایم کیو ایم کے سینٹر میاں عتیق الرحمان کی صدارت میں ایک اہم اجلاس ہوگا ۔ پنجاب ہائوس کا قیام15سال قبل عمل میں آیا تھا اور براہ راست اس کا تعلق متحدہ کے قائد الطاف حسین سے تھا۔ الطاف حسین کی بعض پالیسیوں کی وجہ سے رابطہ کمیٹی کے ارکان کے علاوہ درجنوں کارکن متحدہ کو خیر باد کہہ چکے ہیں ۔ پنجاب ہائوس کے ذرائع کے مطابق متحدہ کے قائد الطاف حسین کو مائنس کرکے اس جگہ کو ایم کیو ایم پاکستان کی پاکستان سے محبت کی سرگرمیوں کا گہوارہ اور مرکز بنادیا جائے گا ۔ الطاف حسین کا اگر یہاں کوئی نام لیوا ہو ا تو اسے چھٹی کرادی جائے گی، پنجاب ہائوس میں آج ہونے والے اجلاس سے علاقے کی متعلقہ پولیس کو بھی آگاہ کرتے ہوئے اسے سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے کہاگیا ہے جبکہ آج پنجاب ہائوس کی عمارت پر پاکستانی قومی پرچم بھی لہرا یاگیا ۔اس کے بعد پنجاب کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس سینٹر میاں عتیق الرحمان کی صدارت منعقد ہوا جو رات گہئے جاری رہا اجلاس مین بعد اہم فیصلے کئے گئے زرائع کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار پر مکمل اعتماد کا ظہار کیا گیا جبکہ وسیم اختر کو مئیر کراچی کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی گئی اور انکی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔