وزیراعظم نواز شریف نے گوادر فری زون منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، ڈیم ، یونیورسٹی اور پاک چین اسکول سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح بھی کیا، تقریب میں چینی سفیر بھی شریک ہیں۔
وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے گوادر کا دورہ کیا ہے اور اس موقع پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے دورہ گوادر کے موقع پر فری زون ، بزنس سروس کمپلیکس اور یونیورسٹی آف گوادر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس دوران وزیراعظم نےچین پاکستان پرائمری اسکول،ساور کور ڈیم اور شادی کور ڈیم کا بھی افتتاح کردیا ہے، اس موقع پر مختلف منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھےجانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں گورنر محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری ، وفاقی وزراء عبدالقادر بلوچ،احسن اقبال اوروزیرمملکت میر حاصل بزنجو ،مشیر برائےقومی سلامتی ناصر جنجوعہ،چین کےسفیر سن وی ڈونگ اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت شپنگ اینڈ پورٹس میر حاصل بزنجو نے کہاکہ گوادر میں منصوبوں کا افتتاح تاریخی اہمیت کا حامل ہے، سی پیک اصل میں بلوچستان کےلئےبھی گیم چینجر کی حیثیت رکھتاہے۔
انہوں نے کہاکہ گوادر سی پیک ہے اور سی پیک گوادر ہے،بلوچستان کےلوگوں کو ترقی چاہئے،بلوچستان کےعوام کو سی پیک چاہئے،وہ اس منصوبے میں آن بورڈ ہیں، اگر کوئی کہتا ہے کہ ہمیں سی پیک نہیں چاہئےتو اس کی نیت میں فتور ہوسکتاہے۔
انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ مکران سمیت بلوچستان کےلوگوں کو سی پیک میں شریک رکھناچاہئے اور گوادر کےلئے10 ارب روپے کا پیکیج اعلان کیاجاناچاہئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہاکہ گوادر پورٹ چین اور پاکستان دوستی کی علامت ہے، گوادر پورٹ سی پیک کاایک اہم منصوبہ ہے، گوادر پورٹ کی ہینڈلنگ استعداد میں بہتری آئی ہے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ گوادرفری زون پاکستان کی ترقی میں اہمیت کا حامل ہوگا،انہوں نے کہاکہ ہم گوادر کے شہریوں کو تعلیمی وظائف بھی دینے جارہےہیں، مقامی بچوں کو چینی زبان سیکھنےکےمواقع بھی فراہم کئےجائیں گے۔