اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی کے سینٹروسابق وزیرداخلہ رحمن ملک نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے پاکستان کیخلاف بھارت،افغانستان کی سازشوں کا جائزہ لیا جائے،ملک بھرمیں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی جائے،بھارت اورامریکہ کے درمیان اسلحے کے استعمال کامعاہدہ پاکستان کیخلاف بہت بڑی سازش ہے،ساڑھے تین سال سے الطاف حسین سے کوئی رابطہ نہیں ہے،الطاف حسین نے فوج کیخلاف بات نہ کرنے کاوعدہ کیاتھا، الطاف نے مجھ سے کئے وعدہ کی خلاف ورزی کی ہے۔جمعہ کورحمن ملک نے اپنے گھرپرپریس کانفرنس کی جس میں قوم کے نام کھلا خط جاری کرتے ہوئے کہاکہ بھارت اورافغانستان پاکستان کیخلاف کام کررہے ہیں،پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے مغرب دونوں ممالک کی پشت پناہی کررہاہے،انہوں نے کہاکہ مردان میں خودکش حملے کی مذمت کرتاہوں،بھارتی وزیراعظم پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کررہاہے،امریکہ پاکستان کے ساتھ ناانصافی کررہاہے،انہوں نے کہاکہ براہمداغ بگٹی بھارت کے ساتھ ملکر پاکستان کیخلاف سازش کررہاہے،براہمداغ بگٹی پاکستان کوتوڑناچاہتاہے،انہوں نے کہاکہ پاک فوج کی جانب سے ضرب عضب میں دہشتگردوں کا خاتمہ کرنے کو سراہتاہوں،آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے کل کے بیان کی تائیدکرتاہوں، امریکہ اور بھارت کادفاعی معاہدہ ناقابل قبول ہے،حکومت کی اس حوالے سے خاموشی معنی خیزہے،معاہدے کے تحت بھارت پاکستان کیخلاف امریکہ کے دفاعی آلات استعمال کرسکے گا، انہوں نے کہا جو پاکستان کیخلاف بات کرتا ہے وہ آپ کا بھائی ہو یامیرا بھائی اس کی مذمت کرتاہوں۔پاکستان کے خلاف جس نے بھی بیان دیا بھرپور کاروائی کی جانی چاہئے تاکہ کسی کوملک کیخلاف بات کرنے کی جرات نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ آصف زرداری اور بلاول بھٹوکاواضح موقف ہے کہ آرمی کے دہشتگردی کیخلاف آپریشن پران کے ساتھ کھڑے ہیں،حکومت پاکستان کی اس حوالے سے خاموشی معنی خیزہے،رحمان ملک نے کہا کہ ایک معروف امریکی صحافی نے کہا کہ پاکستان پر امریکہ حملہ نہیں کر سکتا کیونکہ وہ ایٹمی قوت ہے۔امریکہ پاکستان پہ حملہ نہیں کر سکتالہذاوہ پاکستان کو تین سے چار ٹکروں میں تقسیم کرنے کی سازش پرکام کر رہاہے۔امریکہ کی یہ سازش مشرقی پاکستان جیسی ہے۔بھارت چونکہ 1971 میں کامیاب ہوگیا لہذا وہ دوبارہ وہی کام بلوچستان میں کر رہا ہے۔کلبھوشن کااعتراف اس کی ٹھوس دلیل ہے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف قربانیاں پاکستان نے دی اور نوازشیں بھارت پر ہورہی ہیں۔بھارت نے سی پیک پہ جوبدزبانی کی اس پہ چین نے بہترین جواب دیا۔حکومت ملک کو درپیش عالمی سازشوں کو عالمی فورمز پر اٹھائے۔انہوں نے کہاکہ کشمیرمیں بھارتی مظالم پرپاکستان کواقوام متحدہ کاہنگامی اجلاس بلواناچاہئے۔پی پی حکومت نے بلوچستان کے ناراض رہنماؤں کو قومی دھارے میں لانے کی سنجیدہ کوشش کی۔بدقسمتی ہے کہ چین کے علاوہ ہمارے تمام ہمسائے ہمارے خلاف ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی سی پیک کی بانی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگرنیت ہوتو ٹی اوآرزکی تحقیقات موجودہ قوانین کے تحت بھی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری نے فرینڈز آف پاکستان بنا کر پاکستان کے دوستوں میں اضافہ کیا، آج ہمسائے بھی ہم نے دشمن بنا دئے ہیں جو قابل تشویش ہے۔