مردان(ایجنسیاں)آرمی چیف جنرل راحیل شریف اورعمران خان کے درمیان جمعہ کو مردان ایئربیس کے ہیلی پیڈپر 10منٹ کی مختصرملاقات ہوئی جس میں دونوںرہنماؤں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ پر اتفاق اور اس ناسورکو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کااعادہ کیا‘ ملاقات میں پشاورکے ورسک ڈیم کے قریب کرسچن کالونی اوربعد میں مردان کچہری میں خودکش حملے سے پیداشدہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا‘جنرل راحیل شریف اورعمران خان نے دہشتگردی کے ان واقعات کی مذمت کی اورکہا کہ فوج اورحکومت مل کردہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کردے گی ‘آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور عمران خان کی اتفاقیہ ملاقات مردان ایئربیس کےہیلی پیڈ پر ہوئی جب آرمی چیف اسپتال میں خود کش دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد واپس جا رہے تھے جبکہ عمران خان اسی وقت مردان پہنچے تھے‘عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشتگ ردی کیخلاف کسی اقدام سے گریز نہیں کریگی ، ذرائع کے مطا بق ہیلی پیڈ پر ہونے والی مختصرملاقات کے دوران آرمی چیف کے ہمراہ کور کمانڈر پشاور جبکہ عمران خان کے ساتھ خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی پرویز خٹک تھے‘بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے اپنی آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے دہشت گردی سے نبردآزما خیبر پختو نخواہ پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔