راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور میں تحریک انصاف کی احتساب ریلی اور راولپنڈی میں عوامی تحریک کی قصاص اور سالمیت پاکستان مارچ کے پیش نظر حکومت کی جانب سے سڑکوں پر کھڑے کئے گئے کنٹینرز کے باعث دونوں شہروں میں شدید ٹریفک جام ہو گیا ہے اور وقت پر طبی سہولیات نہ ملنے سے 2 مریض ایمبولنس میں ہی دم توڑ گئے۔راولپنڈی میں تینوں بڑے سرکاری ہسپتالوں کی طرف جانے والے راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیئے گئے، راستے بند ہونے کی وجہ سے خاتون مریضہ ایمبولینس میں دم توڑ گئی ۔ ضلعی انتظامیہ نے بدترین منصوبہ بندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں بڑے سرکاری اسپتالوں کی طرف جانے والے راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیئے۔ راستے بند ہونے کی وجہ سے لوگوں خصوصاً مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ایمبولینس بروقت اسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے مریضہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ دوسری جانب کنٹینر کی دیواریں لاہور کے شہریوں کیلئے عذاب بن گئی ، شاہدرہ میں نومولود اسپتال نہ جاسکا اور ماں باپ کے ہاتھوں میں دم توڑ گیا۔