راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) عیدالاضحی کیلئے قربانی کے جانوروں کی فروحت کیلئے راولپنڈی ڈویژن بھر میں34سیل پوائنٹس ٹی ایم ایز اور ضلعی انتظامیہ کے انڈر بنائے گئے ہیں۔راولپنڈی ڈویژن میں مویشی منڈیاں9سے بھی کم کرکے 7کردی گئی ہیں۔جبکہ ضلع اٹک میں200ملین روپے سے ماڈل منڈی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کانگو کے شکار مویشی کا انجکشن کے 90روز بعد گوشت قابل استعمال ہوجاتا ہے۔منڈیوں میں چچڑوں کے شکار جانوروں کے داخلے پر مکمل پابندی ہے۔جبکہ جو جانور منڈیوں میں آرہے ہیں۔ان کو سپرے اور انجکشن لگائے جارے ہیں۔راولپنڈی کیٹل مارکیٹس منجمنٹ کمپنی مویشی منڈیوں کیلئے اپنے ویٹرنری ڈاکٹرز بھرتی کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار راولپنڈی کیٹل مارکیٹس منجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی محمد یونس سے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ منڈیوں میں آنے والے جانوروں کی خریداری پراب کوئی پرچی نہیں کٹتی۔راولپنڈی ڈویژن کی تمام منڈیوں میں سی سی ٹی وی کیمرے،کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن سسٹم،راہداری رسید ،ٹینٹ،کھرلیاں،چارپائیاں،ٹانی اور پارکنگ کے انتظامات مکمل کردئیے گئے ہیں۔ماڈل منڈی میں ای ٹیگنگ،مسجد،بزنس ایریا،جانورں کے شیڈزسمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔واضح رہے کہ راولپنڈی ڈویژن میں پہلے31منڈیاں لگتی تھیں جن کو کم کرکے 9کردیا گیا تھا۔اس میں سے بھی اب کلر سیداں اور پنڈی گھیب کی منڈی ختم کی جارہی ہے۔ جس کے بعد راولپنڈی صرف ایک منڈی گوجرخان والی رہ جائے گی۔جبکہ باقی اٹک،چکوال اور جہلم میں ہیں۔