کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے پہلے اجلاس میں مذمتی قرارداد منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ الطاف حسین سمیت ملک کے غدّاروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ چیئرمین سلمان عبداللہ مراد کی زیرصدارت اجلاس میں ممبر میر غلام عباس ٹالپرنے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ پاکستان زندہ باد کوئی نعرہ نہیں ہر پاکستانی کے جذبات کی ترجمانی کرتے الفاظ ہیں پاکستان جسے بہت سی قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل کیا گیا ہے یہ ایک ملک کا نام نہیں ایک نظریہ کا نام ہے جو کبھی مٹ نہیں سکتا۔ سندھ کا اس نظریے کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ہے۔ سندھ اسمبلی نے پاکستان کے قیام کی پہلی قرارداد پاس کی ۔آج کا اجلاس الطاف حسین کے الفاظ کی مذمت کرتا ہے اور ان کی پاکستان دشمن حرکت کا سب سے مثبت جواب یہی ہے کہ مل کر پاکستان زندہ باد کا ایسا نعرہ لگایا جائے جس کی بازگشت سے ایسے تمام لوگوں کے ذہن درست ہو جائیں۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ رینجرز اور سندھ پولیس کی قیمتی جانوں کے نذرانے کے بعد کراچی امن کا گہوارہ بنا ہے جس کو کسی سازش کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔