کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیونیوز کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی نے پاک چین اقتصادی راہداری کے گلگت بلتستان پر پڑنے والے اثرات پر تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کا علاقہ پاک چین اقتصادی راہداری کا دروازہ ہے ، گلگت بلتستان کے لوگ سی پیک کے حوالے سے کیا امیدیں رکھتے ہیں اور یہاں اس منصوبے کی تکمیل کیلئے کیا تیاریاں ہورہی ہیں ، گلگت بلتستان کے عوام کی آراء اس حوالے سے بہت اہمیت رکھتی ہیں۔صدر ہائی کورٹ بار گلگت بلتستان ملک کفایت الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کوئی بھی سی پیک منصوبے کا مخالف نہیں ہے ، تمام لوگ سی پیک کے حامی ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ سی پیک کی جلد تکمیل ہونی چاہئے ۔ گلگت بلتستان کے عام شہریوں نے سی پیک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبے سے یہاں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا ، حکومت کو چاہئے کہ یہاں کے لوگوں کو آسان قرضے دیئے جائیں تاکہ ہوٹل انڈسٹری کے ذریعے یہاں کے عوام فوائد حاصل کرسکیں ، یہاں پر انڈسٹریل زون بنائے جائیں ، سی پیک کے منصوبے کی وجہ سے گلگت بلتستان میں ترقی کی راہ ہموار ہورہی ہے ، سی پیک منصوبے کا شیئر گلگت بلتستان کے عوام کو بھی ملنا چاہئے۔ ایک شہری کا کہنا تھاکہ چین کے ساتھ جو مختلف پراجیکٹ ہورہے ہیں اس سے خطے میں کافی ترقی ہورہی ہے ۔جس طرح دوسرے صوبوں کو سی پیک میں نمائندگی ملی ہے اسی طرح گلگت بلتستان کو بھی ملنی چاہیے ۔ گلگت بلتستان میں صرف ٹرک چلیں گے ، گلگت بلتستان میں اس وقت مکمل امن ہے ، کچھ عرصے پہلے کچھ شرپسند ی سامنے آئی تھی لیکن اب اس پر قابو پالیا گیا ہے ،ایک مقامی سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگ صرف ایک پاس حاصل کرکے چین کے صوبے سنکیانگ تک کا سفر کرسکتے ہیں،گلگت بلتستان کے عوام چینی صوبے سنکیانگ کے ساتھ تجارت بھی کرتے ہیں، جس سے یہاں بیروزگاری میں کمی ہوتی ہے ،گلگت بلتستان میں اسلحہ رکھنے کا کلچر نہیں ہے ۔