مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) سابق وزیراعظم پاکستان اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف کے چھوٹے بھائی پیپلز پارٹی گوجر خان کے ممتاز رہنما راجہ جاوید اشرف نے اولڈہم کی معروف شخصیت سیاسی رہنما راجہ گفتار علی کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوجر خان میں تعمیر و ترقی کا سہرا راجہ پرویز اشرف کے سر ہے۔ جنہوں نے بحیثیت وزیراعظم پاکستان اور گوجر خان سے ممبر قومی اسمبلی ہونے کے ناتے بلاتخصیص ترقیاتی کام کروائے، ہمارے مخالفین صرف الزام تراشی کرتے رہے لیکن ہم نے گوجر خان کے لوگوں کے حقوق کیلئے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف کو راجہ رینٹل کہنے والے آج کہاں ہیں۔ کسی ایک عدالت میں بھی راجہ پرویز اشرف کے خلاف آج تک کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ آج مسلم لیگ ن انہی رینٹل پلانٹس کے ذریعے بجلی پیدا کر رہی ہے۔ بحیثیت وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کوئی ایک غیر قانونی اور میرٹ سے ہٹ کر کام نہیں کیا۔ پاکستان میڈیا نے بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا اور الزام تراشی کو خوب اچھالا، اس موقع پر راجہ ذوالفقار، راجہ شیر، اے ڈی چوہدری، راجہ امیر بھٹی، راجہ رفیق، راجہ نثار، راجہ عزیز، راجہ اقرار، راجہ نصیر احمد، فخر زمان، کونسلر عتیق الرحمٰن، آفتاب شریف، شعیب احمد، محمد اعظم، کونسلر آفتاب، چوہدری صغیر، چوہدری امجد، سید شجر عباس، چوہدری ساجد محمود، راجہ محسن بھٹی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ راجہ جاوید اشرف نے کہا کہ پاکستان بڑے نازک موڑ پر کھڑا ہے اس وقت عوام اور سیاسی پارٹیوں کو مل کر استحکام پاکستان کے لئے کام کرنا چاہئے۔ اختلافات اپنی جگہ پر مگر سب سے پہلے پاکستان ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ پیپلزپارٹی نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور آمریت کے خلاف بہت کام کیا ہے جس کی مثال کوئی اور جماعت نہیں دے سکتی، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے آمروں کے خلاف جدوجہد کی اور پاکستان کو ایک آزاد جمہوری وطن بنانے کے لئے کوششیں کیں اور اپنی جانیں تک قربان کر دیں، انہوں نے بانی ایم کیو ایم کے متعلق کہا کہ عوام کو ایسے عناصر سے دور رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں، عالمی اداروں کو بھارت کے خلاف نوٹس لینا چاہئے، پاکستان پیپلز پارٹی کا واضح موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پوٹھوار، گوجر خان کا علاقہ اور وہاں کے رہنے والے محب وطن لوگ ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس موقع پر راجہ گفتار نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔