ملتان میں ہونے والے ٹرین حادثے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی ٹیم نے تمام ذمہ داروں کے بیانات ریکارڈ کر لیےہیں،انکوائری رپورٹ کل پیش کی جائے گی ۔
انکوائری ٹیم میں اسسٹنٹ جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی اور فیلڈ جنرل انسپکٹر ریلوے میاں محمد ارشد نے تمام ذمہ دار افراد کے بیانات قلم بند کر لئے ہیں اور اپنی رپورٹ بنا کر کل پیش کریں گے ۔
ذرائع کے مطابق اس ریلوے ایکسیڈنٹ کی تمام ذمہ داری آٹو بلاک سگنل سسٹم پر ڈالنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، جس میں اس سسٹم کے تحت سگنل کی تبدیلی غیر متوقع قرار دی جا سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیشن ماسڑاور ڈرائیور نے ریڈ سگنل کے باوجود گاڑی روانہ کی، جس کی وجہ سے حادثہ ہوا اور قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ،ٹرین کا ڈرائیور بھی انڈر ریسٹ تھا، جو حادثہ کی وجہ بنا ۔
حادثہ ملتان کے قریب بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہوا ،جس میں 6 افراد جاں بحق اور100 سے زائد زخمی ہوئےتھے ۔