راولپنڈی(خصوصی نمائندہ)راولپنڈی بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن نے انٹر میڈیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ کامیاب امیدواروں کا تناسب 56.95 فیصد رہا کل 60061امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 33460امیدوار کامیاب ہوئے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی صوبے میں تعلیم کیلئے کی گئی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔ راولپنڈی ڈویژن میں گورنمنٹ کالجز کے طلباء و طالبات نے پانچ پوزیشنیں حاصل کیں جس پر اساتذہ اور طلباء و طالبات مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ وقار النساء کالج کے ڈاکٹر عبدالقدیر آڈیٹوریم میں انٹرمیڈیٹ راولپنڈی بورڈ کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ملک بن چکا ہو گا‘ قرض لینے والوں میں نہیں بلکہ قرض دینے والے ممالک میں شامل ہو گا۔ صوبائی وزیر نے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کو وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے مبارکباد دی اور ان میں گولڈ میڈل‘ لیپ ٹاپ‘ کیش پرائز اور اسناد تقسیم کیں۔ تقریب میں چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی ڈاکٹر محمد ظریف‘ ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی ملک محمد اصغر‘ سیکرٹری راولپنڈی بورڈ راجہ جواد‘ مسلم لیگ (ن) میٹرو پولیٹن راولپنڈی کے صدر سردار نسیم‘ ڈاکٹر جمال ناصر‘ راجہ حنیف‘ زیب النساء اعوان‘ لبنیٰ ریحان‘ تحسین فواد‘ راحت مسعود قدوسی‘ رمیش سنگھ اروڑہ‘ تعلیمی اداروں کے سربراہان اور والدین کی بڑی تعداد موجودتھی۔