ملتان (جنگ نیوز)انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں پہلی پوزیشن لینے والاطالب علم دنیا میں نہیں رہا،وقاص خوشی کی خبر سننے سے پہلے ہی دنیا سے کوچ کرگیا،تعلیمی بورڈ ملتان کے زیر اہتمام تقریب تقسیم انعامات میں وقاص رئوف کے غمزدہ والدنے آنسوؤں کیساتھ مرحوم بیٹے کی پہلی پوزیشن کا انعام وصول کیا۔تقریب میں یہ منظردیکھ کر دیگر پوزیشنزہولڈرز اور شرکاءبھی آبدیدہ ہوگئے اور متوفی کو خراج عقیدت پیش کیا۔تفصیل کے مطابق ملتان اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ملتان نے جنرل گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا، لیکن لڑکوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والا طالب علم وقاص رؤف اب اس دنیا میں نہیں رہا۔وقاص نے انٹر آرٹس کے امتحانات میں 1013 نمبر حاصل کرکے لڑکوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ تاہم جب بورڈ حکام نے ان کے گھر پر رابطہ کیا تو ان کے والد نے افسوس ناک خبر سنائی کہ ان کا ہونہار بیٹا انتقال کرچکا ہے ۔وہاڑی سے تعلق رکھنے والے طالب علم وقاص کے والد بیٹے کی پوزیشن کا سن کر آبدیدہ ہوگئے اور انھوں نے اس کا انعام وصول کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اللہ کی رضا پر راضی ہیں اور انھیں اپنے بیٹے پر فخر ہے ۔تعلیمی بورڈ ملتان کے تحت انٹر میڈیٹ جنرل سائنس طلباء گروپ میں فسٹ پوزیشن حاصل کرنے والا گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج وہاڑی کا طالب علم وقاص رؤف گیارہ جولائی کو برین ہمیرج کی وجہ سے وفات پاگیا تھا مرحوم وقاص رؤف کی والدہ ممتاز بی بی نے بتایا کہ میرا بیٹا بہت فرمانبردار تھا اور تعلیمی لحاظ سے بہت محنتی اور لائق تھا ایک دن گیارہ جولائی کی شام نماز مغرب پڑھ گھر آیا تو میری جھولی میں لیٹ گیا میں نے سمجھا کہ وہ ہمیشہ کی طرح آج بھی مجھے پیا ر کررہا ہے مگر چند منٹ بعد وہ میری جھولی سے اٹھا نہیں تو دیکھا کہ وہ بے ہوش پڑا ہے جس پر اسے فوری ڈی ایچ کیو ہسپتال لے گئے جہاں پر چند گھنٹے زندہ رہنے کے بعد وہ اﷲ کو پیارا ہوگیا ، اس موقع پر وقاص کی بہن عائشہ نیاز نے بتایا کہ میرا بھائی بہت لائق تھا اور ہر سال ضلع بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرتا تھا اس بار بھی جب امتحان دے کر گھر آیا تو اس نے کہا کہ اب کی بار بھی وہ فسٹ آیا گا اور ابوجی تیاری رکھنا جب رزلٹ آئے گا تو ملتان جاکر انعام لے لینا آج میرا بھائی اس دنیا میں نہیں رہا مگر وہ اپنے بابا سے کیا ہوا وعدہ پورا کر گیا میرے بھائی کا خواب تھا کہ وہ سوفٹ ویئر انجیئنر بن کر پاکستان کا نام روشن کروں گا ۔ہماری دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ وقاص رؤف کو کروٹ کروٹ جنت الفردوس عطا کریں اور ان کے ورثاء کو صبر جمیل عطا کرے آمین۔