راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس محمد امیر بھٹی نے ڈی سی او راولپنڈی اور ٹی ایم اے مری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی ۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب راشد حفیظ نے سرکار کی پیروی کی۔بشیر احمد نے نقشہ پاس نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔جس میں کہا گیا تھا کہ عدالت عالیہ کی طرف سے تعمیرات پر پابندی کے خاتمے کے باوجود ٹی ایم اے مری نقشہ پاس نہیں کررہی ۔ایڈیشنل ایڈڈوکیٹ جنرل پنجاب راشد حفیظ نے موقف اختیار کیا کہ درخواست پر کام جاری ہے اور درخواست گزار سے کچھ نئی دستاویزات طلب کی گئی ہیں جن کی فراہمی کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔جس کے بعد عدالت عالیہ نے توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔