راولپنڈی (نمائندہ جنگ) بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مانچسٹر جانے والی نجی ایئرلائن کو دھمکی آمیز کال پر روک لیا گیا۔ جہاز میں سوار مسافروں اور سامان کی دوبارہ چیکنگ کے بعد تقریباً اڑھائی گھنٹے کی تاخیر سے مذکورہ فلائٹ روانہ ہوسکی۔ ائرپورٹ ذرائع کے مطابق منگل کو دن تین بجے اسلام آباد سے نجی ائرلائن کی پرواز این ایل 901 کو مانچسٹر روانہ ہونا تھا کہ اسی دوران نجی ائرلائن کے ائرپورٹ پر واقع آفس میں موجود خاتون آفیسر کو بیرون ملک کے نمبر سے کال موصول ہوئی کہ ان کی ائرلائن کی پرواز میں مسافروں کے ساتھ ایک دہشت گرد بھی سوار ہوچکا ہے جس پر انہوں نے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جنہوں نے جہاز کو روکنے اور مسافروں اور سامان کی دوبارہ سکیورٹی کلیئرنس کرانے کا حکم دیا جس پر جہاز‘ مسافروں اور سامان کی دوبارہ چیکنگ کی گئی اور سکیورٹی اہلکاروں نے طیارے کو مکمل طور پر کلیئر قرار دیا جس کے بعد طیارے کو روانگی کی اجازت دی گئی اور یوں یہ فلائٹ شام 5بجکر35منٹ پر پرواز کرگئی۔