کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف کی جانب سے ایم کیوایم قائد الطاف حسین کے خلاف سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں قراردادیں جمع کرادی گئی ہیں جن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن سندھ اسمبلی خیرالنساء مغل کی جانب سے ایم کیو ایم قائد کے خلاف قرارداد جمع کرادی گئی۔ قرارداد میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ بانی ایم کیوایم نے 22 اگست کو نہ صرف پاکستان کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے بلکہ ان کے حامیوں نے پاکستان کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی تھی۔ قرارداد میں ایم کیو ایم قائد کے خلاف حکومت سے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ نہ صرف ایم کیوایم قائد بلکہ ان کے حامیوں کیخلاف بھی غداری کا مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان کی جانب سے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف قراداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے۔ قراداد میں یہ ہی مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم قائد کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔اسکے علاوہ فنکشنل لیگ کی جانب سے نند کمار گوکلانی اورنصرت سحرعباسی بھی ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف قرارداد جمع کرائیں گے۔