لندن (نمائندہ جنگ) ممتاز کاروباری شخصیت اور کشمیری رہنما چوہدری محمد تاج رچیال نے سوال کیا ہے کہ قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کہاں ہے اور اس کےچیئرمین مولانا فضل الرحمٰن مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور بربریت کے خلاف کیا اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ایک بیان میں چوہدری محمد تاج رچیال نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کو کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ کوئی دلچسپی نہیں ہے اور انہوں نے اس سلسلے میں کچھ بھی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ برٹش کشمیری آئندہ پاکستان سے آنے والے ان وزیروں اور سیاسی لیڈروں کی تقریبات کا بائیکاٹ کریں گے جو مسئلہ کشمیر پر بھارت کے خلاف آواز نہیں اٹھا رہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اب جب بھی برطانیہ آئیں گے ان کا گھیرائو کیا جائے گا اور ان سے کہا جائے گا کہ وہ کشمیر کمیٹی سے مستعفی ہوجائیں تاکہ یہ ذمہ داری کسی ایسے شخص کو دیجائے جو مسئلہ کشمیر کو سمجھتا ہوں اور کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھا سکتا ہو۔