پشاور(سٹی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) چترال خواتین ونگ کی صدر بی بی جان نے مرکزی حکومت اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ (ن) لیگ چترال ونگ کے صدر سید احمد خان اور فضل رحیم سے تحفظ فراہم کیا جائے۔ گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی بی جان کا کہنا تھا کہ وہ ایک سوشل ورکر ہیں اور خواتین اور طلبہ کے مسائل کے حل کرنے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرتی ہیں جبکہ خاندان کا کوئی فرد سیاست سے وابستہ نہیں حالانکہ خاندان کی طرف سے شدید مخالفت کے باوجود بھی سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ( ن) لیگ چترال ونگ کے صدر سید احمد خان اور فضل رحیم ہر جگہ پر ان کی مخالفت کرتے ہیں اور ہر موقع پر بے عزتی کرنے کی کوشش کرتے ہیں جب وزیر اعظم نواز شریف چترال کا دورہ کر رہے تھے تو انہوں نے مجھے میٹنگ میں شرکت کیلئے دعوت دی جب وہ میٹنگ میں شرکت کیلئے گئیں تو ہال میں کوئی موجود نہ تھا تاہم ایک گھنٹہ تک انتظار کرتی رہی لیکن جب ہال سے باہر نکلنے لگی تو مذکورہ افراد نے دروازے کو باہر سے کنڈی لگا رکھی تھی اور جب جلسہ گاہ پہنچی تو وہاں پر مجھے جلسہ گاہ میں بھی نہیں چھوڑا گیا انہوں نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ مجھے مذکورہ افراد سے تحفظ فراہم کیا جائے ۔