چمن(آن لائن) بلوچستان کے قبائلی رہنماؤں اور سول سوسائٹی نے بھارت کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مغربی سرحدوں کا تحفظ ہم خود کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق چمن پریس کلب کے سامنے قبائلی عمائدین کی قیادت میں بھارت مخالف مظاہرہ کیا گیا جس میں پاک فوج کی حمایت اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ قبائلی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے، اگر بھارت نے کوئی غلط قدم اٹھانے کی کوشش کی تو بلوچستان کے عوام پاک فوج کے ساتھ مل کر مشرقی اور مغربی سرحدوں کی حفاظت کریں گے۔بلوچ عمائدین کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کی جانب سے جنگ کا اعلان بھی ہوا تو قبائلی عوام اپنی مجاہد فورس بنا کر پاک فوج کے جوانوں کے ہمراہ مل کر ملکی سرحدوں کی حفاظت پر بھیج دیں گے۔ بھارت مخالف ریلی میں شریک مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھارکھے تھے جن پر ’’دشمن ہمیں کمزور نہ سمجھے اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا‘‘ کے نعرے درج تھے۔