لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے پاکستا ن کو جارحیت کی کھلی دھمکیاں مل رہی ہیں، بھارت کیخلاف وزیر اعظم کا لب و لہجہ اور جو ش و خروش وہ کیوں نہیں جو موٹر وے کے افتتاح اور سیاسی مخالفین کو مخاطب کرتے وقت ہوتا ہے ؟حکمرانوں کے معاشی جرائم اور قومی سلامتی کے بر خلاف اقدامات کے بارے میں جو حقائق قوم کے سامنے رکھے آج کے دن تک کسی کو جواب دینے کی جرات نہیں ہو سکی۔ کرپٹ حکمرانوں کی کوئی اخلاقی رٹ نہیں ہے۔ سانحہ ماڈل ٹائون انصاف اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں میں اٹھانے کے حوالے سے وکلاء سے مشاورت انتہائی مفید رہی۔ عنقریب سانحہ ماڈل ٹائون کیس عالمی فورمز پر اٹھائیں گے۔ ملک میں انصاف کا غیرجانبدار نظام ہوتا تو شہداء کے ورثا دو سال سے دربدر نہ ہوتے اور نہ ہی پانامہ لیکس کا معاملہ سرد خانے کی زینت بنتا۔وہ گذشتہ رو ز ویڈیولنک پر عوامی تحریک کے سنیئر رہنمائوں کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ شریف برادران کی کرپشن کے ثبوت ہر جگہ پڑے ہیں مگر کوئی ادارہ ہاتھ ڈالنے کیلئے تیار نہیں ہے، ہم نے انصاف کے ہر ادارے میں بھی آواز اٹھائی اور سڑکوں پر بھی صدائے احتجاج بلند کی، جب تک سانس باقی ہے اس ظالم نظام اور فرعون صفت حکمرانوں کے خلاف جہدوجہد جاری رکھوں گا اور پاکستان کو معاشی دہشتگردوں کے چنگل سے واگزار کروائینگے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے ملک بھرکے ضلعی صدور کو ہدایت کی کہ وہ تنظیم سازی اور رابطہ کارکن مہم کو تیز کریں، جلد دوسرے رائونڈ کا اعلان ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب دہشتگردوں کی پناہ گاہ ہے، اس کے باوجود رینجرز کو پنجاب میں آپریشن کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ دہشتگردی صرف کراچی میں نہیں پنجاب میں بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں آپریشن کے حوالے سے جتنی تاخیر ہو گی دہشتگردی کے ناسور کی جڑیں اتنی گہری ہونگی۔