سکھر (بیورو رپورٹ) ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کیلئے ماسٹر سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت پولیس اور رینجرز کے جوان خدمات انجام دیں گے۔ پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ آپریشن کے دوران 8خطرناک دہشتگردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا، 5ماہ کے دوران 51 پولیس مقابلوں میں 101انتہائی سنگین وارداتوں میں مطلوب ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا ، 2ڈاکوؤں کو ہلاک اور 21کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا ، مختلف سنگین جرائم میں مطلوب 1992اور724شتہاری ملزمان گرفتار کئے گئے، 7689 ملزمان کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کی جن میں سے 198جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کیا گیا۔ضلع بھر کے237رجسٹرڈ اور 23 غیر رجسٹرڈ مدارس اور ان میں داخل طالبعلموں کے کوائف چیک کئے گئے۔دہشتگردی کے کسی بھی ممکنہ واقعہ سے بچنے کے لئے ضلع بھر 53مدارس میں سرچ آپریشن کئے گئے۔ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے اپریل 2016سے ستمبر2016تک ضلع میں پولیس کی مجموعی کارکردگی ، ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کی تفصیلات سے صحافیوں کو آگاہ کیا جس کے مطابق ضلع میں پولیس اور حساس اداروں نے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کے دوران 8دہشتگردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے دہشتگردی میں استعمال ہونے والا 2کلو دھماکہ خیز بارودی مواد، 5ہینڈ گرنیڈ ،6 ہوان گرنیڈ، 6ہوان شیل و خودکش جیکٹ میں استعمال ہونے والے 5بال بیرنگ کے پیکٹ و تاریں برآمد کی گئیں جبکہ غیر قانونی مقیم افغانیوں سمیت دیگر کے خلاف کارروائی میں90افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں 64افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا اور 1396 قابل اعتراض وال چاکنگ، 1139جھنڈے اتارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے237رجسٹرڈ اور 23بنا رجسٹرڈ مدارس میں چیکنگ کی گئی اور وہاں موجود طلباء ، اساتذہ ودیگر افراد کے مکمل کوائف چیک کئے گئے جبکہ 23سے زائد مدارس میں اچانک سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت جمعیت علماء اسلام کے رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومروکا قتل کیس 7ملزمان کے خلاف ٹرائل کے لئے ملٹری کورٹ میں بھیجا گیا۔