ملتان (سٹاف رپورٹر) دربار عالیہ حضرت بہاء الدین زکریا ؒ حضرت شاہ رکن عالم ؒ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک نا قابل تسخیر طاقت ہے اس پر بزرگان دین کا سایہ ہے اسے دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی نفرتوں اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے وہ عظیم روحانی پیشوا حضرت غوث بہاء الدین زکریا ؒ کے فرزند اور حضرت شاہ رکن عالم ؒ کے والد حضرت شیخ صدرالدین عارف ؒ کے 728ویں سالانہ عرس کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، تقریب سے مفتی غلام مصطفی رضوی ،علامہ محمد رمضان شاہ فیضی،علامہ محمد فاروق خان سعیدی،قاری خادم حسین سعیدی،ڈاکٹر محمدصدیق خان قادری،مفتی محمد زبیر چشتی،ڈاکٹر ارشد بلوچ اور وسیم ممتاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت شیخ صدرالدین عارف ؒ کا روحانی ارتقاء اور تصوف میں مقام و منزلت آپ کے والد گرامی کی خصوصی تعلیم و تربیت کا نتیجہ ہے۔ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری کی جانب سے قرارداد میں دربار فرید کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین کوریجہ کی رہائش گاہ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا گیا ڈاکٹر ارشد بلوچ نے مطالبہ کیا کہ زکریا یونیوسٹی میں زکریا چیئر کو حضرت غوث بہاء الدین زکریا ؒ اورتصوف سٹڈی سنٹر کو بزرگان دین کے حالات اور خدمات پر تحقیق کیلئے فوری طور پر فعال بنایا جائے ، شاہ محمود قریشی نے دعا کرائی۔