کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی گلگت بلتستان کے چیف آرگنائزر محمد صابر نے پاکستان ہائوس میں پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کے تنظیمی و سیاسی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان کیلئے گلگت بلتستان نہایت اہمیت کاحامل ہے ہمارا کوئی دشمن نہیں پاکستان کا ہر شہری جوکہ پاکستان کے پرچم کو مانتا ہے اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو، کسی بھی مذہب یا فرقے سے ہو ہمارا بھائی ہے، اور ہم ہر پاکستانی کی عزت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں، پاک سرزمین پارٹی ان کی پاکستان سے والہانہ اور بے لو ث محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لئے گلگت بلتستان کا خطہ نہایت اہمیت کا حامل ہے اس لئے گلگت بلتستان کے لوگوں کے احساس محرومیوں کا ازالہ ہونا چاہئے ۔ محمد صابر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام سید مصطفی کمال کے وطن پرستی کے پیغام سے انتہائی متاثر ہیں۔