اسکردو( نثار عباس /نمائندہ جنگ) وزیر اعلٰی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام مودی کے عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پاک فوج کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں ہم بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت اور ہمت رکھتے ہیں۔ اسکردو میں جگلوٹ سکردو روڈ پر پانچ آر سی سی پلوں کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو بھی وعدے کئے انھیں پورا کر رہے ہیں اور بلتستان میں دو نئے اضلاع سمیت بلتستان یونیورسٹی اور گلگت ا سکردو روڈ کی تعمیر کے وعدے پورے کر رہے ہیں انھوں نے کہا کہ ا سکردو جگلوٹ روڈ کے پہلے مرحلے پر پانچ پلوں کی تعمیر ایف ڈبلیو او کر رہی ہے جس سے آئندہ یوم آزادی سے قبل ہی مکمل کر لیا جائیگا جبکہ سات میٹر چوڑی جگلوٹ ا سکردو ایکسپر وے کی تعمیر ٹینڈر کے مرحلے میں ہے اور ہماری خواہش ہے کہ یہ ٹھکہ بھی ایف ڈبلیو او کو ملے۔